حیدرآباد، 4 جنوری ( سیاست نیوز ) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کے انتخابات کیلئے جہاں شہر میں تجسس پایا جاتا ہے تو دوسری طرف سیاسی پارٹیاں انتخابی بگل کا بے چینی سے انتظار کررہی ہیں ۔ اس تجسس اور انتظار کے ماحول میں ریاستی حکومت نے مزید الجھن پیدا کرتے ہوئے ایک جی او جاری کردیا ۔ آج شام جاری کردہ جی او کے مطابق گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے موجودہ جی او میں ترمیم کی گئی ہے اور 45 دن کے انتخابی عمل میں تخفیف کرتے ہوئے اسے 15 دن تک محدود کردیا ہے ۔ اس ترمیم شدہ جی او کے مطابق پرچہ نامزدگیوں کیلئے 4 دن مختص کئے گئے ہیں اور نامزدگیوں کی جانچ اور دستبرداری کیلئے ایک، ایک دن رہے گا جبکہ اعلامیہ کی اجرائی سے لیکر رائے دہی کے دن تک تمام مراحل 15 دن میں مکمل کرلئے جائیں گے ۔ اس جی او کی اجرائی سے سیاسی جماعتوں میں الجھن اور بے چینی پیدا ہوگئی ہے ۔ امیدواروں کا انتخاب اور اہم ترین عمل انتخابی مہم کیلئے صرف ایک ہفتہ درکار ہے ۔