حیدرآباد 24 مئی ( سیاست نیوز) جی ایچ ایم سی نے بلدی اسٹانڈنگ کمیٹی کے انتخاب کا شیڈول جاری کردیا ہے جو 15 ارکان پر مشتمل ہوگی ۔ 150 رکنی جی ایچ ایم سی میں ٹی آر ایس کے 99 کارپوریٹرس ہیں جبکہ مجلس کے 44 ہیں۔ ضرورت پڑنے پر انتخابات 23 جون کو ہونگے جبکہ موجودہ اسٹانڈنگ کمیٹی کی معیاد 23 جون کو ہی ختم ہو رہی ہے ۔ بلدیہ کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ پرچہ نامزدگیوں کے ادخال کا عمل 28 مئی سے شروع ہوگا اور 7 جون تک جاری رہیگا ۔ پرچہ جات اڈیشنل کمشنر جی ایچ ایم سی ( الیکشن ) آفس لوور ٹینک بنڈ میں داخل کئے جاسکتے ہیں۔ نامزدگیوں کی فہرست 8 جون کو پیش کی جائیگی اور اس کی جانچ 11 جون کو ہوگی ۔ قطعی فہرست بھی اسی دن شائع کی جائیگی ۔ پرچہ جات 14 جون تک واپس لئے جاسکتے ہیں۔