عنقریب دہلی میں تقریب ، صدر جمہوریہ ایوارڈ پیش کریں گے
حیدرآباد ۔ 7 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ایک اور قومی ایوارڈ کے لیے منتخب ہوا ہے ۔ سیاحتی مقامات پر بہترین عوامی خدمات کے ضمن میں مرکزی محکمہ سیاحت نے جی ایچ ایم سی کو 2015-16 کے لیے قومی ایوارڈ برائے سیاحت دینے کا اعلان کیا ہے ۔ صفائی پر خصوصی توجہ دینے پر عوامی حصہ داری اور دیگر امور پر غور و خوض کے بعد اس ایوارڈ کا اعلان کیا ہے ۔ عنقریب صدر جمہوریہ کے ہاتھوں اس ایوارڈ کو نئی دہلی میں دیا جائے گا ۔ شہر میں کچرا ڈالنے کے لیے مفت تقسیم کئے گئے 44 لاکھ کچرے کے ڈبے ، 2 ہزار سوچھ آٹوز ، گھروں کے درمیان کچرا ڈالنے کے طریقہ کار پر روک لگانا ، تعارفی پروگرام ، کارپوریٹ سوشیل ریسپانسبلیٹی کے تحت شروع کردہ عوامی خدمات اور دیگر امور سے متعلق 50 صفحات پر مستقل نوٹ جی ایچ ایم سی نے مرکزی محکمہ سیاحتی کو روانہ کیا تھا ۔ مرکزی محکمہ سیاحت نے اس نوٹ کا جائزہ لینے کے بعد ’ نیشنل ٹورازم ایوارڈ ‘ کا اعلان کیا ہے ۔ شہر حیدرآباد کے اہم سیاحتی مقامات جیسے گولکنڈہ ، چارمینار ، چومحلہ پیالیس ، سالار جنگ میوزیم ، تارا متی بارہ دری ، قلی قطب شاہ کے مقبرے ، فلک نما پیالیس ، پرانی حویلی ، ریاستی آثار قدیمہ میوزیم اور مکہ مسجد کے پاس سیاحوں کے لیے کئے گئے انتظامات مرکزی محکمہ سیاحت نے اطمینان کا اظہار کیا ۔ مئیر بی رام موہن نے کہا کہ نیشنل ٹورازم ایوارڈ کے لیے جی ایچ ایم سی کا انتخاب بڑی خوشی کی بات ہے اور ساتھ ہی ساتھ ایوارڈ کی وجہ سے ہماری ذمہ داریوں میں مزید اضافہ ہوا ہے اور یہ اپنی عوامی خدمات کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے اور بھی خدمات انجام دینے کی کوشش کریں اور عوام کو بھی چاہئے کہ وہ شہر کی صاف صفائی میں جی ایچ ایم سی کا ساتھ دیتے ہوئے شہر کی عالمی سطح پر پہچان بنانے میں تعاون کریں ۔۔