جی ایس ٹی کے نفاذ کیلئے 30 جون کی نصف شب خصوصی تقریب

بائیکاٹ کرنے ترنمول کانگریس کا اعلان ، کانگریس کا آج فیصلہ
نئی دہلی ؍ کولکتہ۔ 28 جون (سیاست ڈاٹ کام) گڈس اینڈ سرویس ٹیکس (جی ایس ٹی) پر عمل آوری کے آغاز کیلئے 30 جون کی نصف شب پارلیمنٹ میں منعقد شدنی خصوصی تقریب میں شرکت کے بارے میں اصل اپوزیشن جماعت کانگریس ہنوز کوئی فیصلہ نہیں کی ہے، تاہم ترنمول کانگریس نے اس تقریب کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ چند دوسری اپوزیشن جماعتیں بھی 30 جون کی آدھی رات کو پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں حکومت کی طرف سے منعقد کی جانے والے خصوصی اجلاس کا بائیکاٹ کریں گی۔ ذرائع کے مطابق کانگریس نے اپنے اندرونی حلقوںمیں مشاورت کی ہے اور دیگر جماعتوں سے رسمی بات چیت کی گئی ہے۔ اس پارٹی کے ایک سینئر لیڈر نے کہا کہ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کل سابق وزیراعظم منموہن سنگھ سے مشاورت کے بعد قطعی فیصلہ کریں گی۔ ماضی میں منموہن سنگھ کی حکومت ہی جی ایس ٹی کا نظریہ پیش کی تھی۔ مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی جی ایس ٹی کو مرکز کی مزید ایک فاش غلطی قرار دی ہیں۔