حیدرآباد ۔ 3 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : بی جے پی تلنگانہ یونٹ کے ترجمان کرشنا ساگر راؤ نے ملک میں جی ایس ٹی کے نفاذ پر وزیراعظم اور وزیر فینانس کو مبارکباد دی اور این ڈی اے اور غیر این ڈی اے پارٹیوں کا بھی جنہوں نے آزاد ہندوستان میں اس بڑی ٹیکس اصلاح کی غیر مشروط تائید و حمایت کی شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی یکم جولائی کو ملک کے لیے ایک تاریخی سنگ میل کا دن سمجھتی ہے اور مستقبل کی نسلیں اس دن کو ایک فیصلہ کن دن کے طور پر یاد کریں گی جو ہندوستان کو ترقی یافتہ ملک بننے کی راہ پر گامزن کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی صرف ایک بڑی ٹیکس اصلاح ہی نہیں ہے بلکہ معاشی اور سماجی اصلاح بھی ہے ۔ اس سے مینوفکچرنگ اور برآمدات میں اضافہ کے ذریعہ ملک کی معاشی ترقی پر راست اثرات مرتب ہوں گے ۔۔