جی ایس ٹی کے خلاف تلنگانہ اور آندھراپردیش کے پارچہ جات تاجرین کے بند کا آغاز

حیدرآباد 27جون (سیاست نیوز) جی ایس ٹی کے خلاف دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش کے پارچہ جات کے تاجروں نے احتجاج میں شدت پیداکردیا ہے ۔آج سے ان تاجروں نے تین روزہ بند کا آغاز کردیا ہے ۔تلنگانہ میں پارچہ جات کے 40ہزار تاجر اس بند میں حصہ لے رہے ہیں۔ دوسری طرف پڑوسی ریاست آندھراپردیش کے پارچہ جات کے تاجرین بھی اس بند میں حصہ لے رہے ہیں۔پارچہ جات کی صنعت پر لاگو کئے جانے والے جی ایس ٹی کے خلاف ملک بھر کے پارچہ جات کے تاجروں کے 72گھنٹوں کے بند میںیہ تاجر حصہ لے رہے ہیں۔تلنگانہ اسٹیٹ فیڈریشن آف ٹکسٹائلز نے اس بند میں حصہ لیتے ہوئے مرکزی حکومت پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔انہوں نے اس ماہ کی پانچ تاریخ کو جی ایس ٹی پر منعقدہ میٹنگ میں پارچہ جات کی صنعت کو پانچ فیصد جی ایس ٹی کے زمرہ میں شامل کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے ۔اس مسئلہ پر ہول سیل اور رٹیل تاجروں نے شدید تشویش ظاہر کی۔تلنگانہ اسٹیٹ فیڈریشن آف ٹکسٹائلز نے اس بند پر مرکز کی جانب سے کسی بھی قسم کا ردعمل ظاہر نہ کئے جانے پر 30جون کو بڑے پیمانہ پر ریلی نکالنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔ان تاجروں نے میڈیا سے بات کرتے ہوے کہا کہ جی ایس ٹی کے نفاذ کا ان کی صنعت پر کافی بُرا اثر پڑا ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ جب تک یہ ٹیکس مرکزی حکومت واپس نہیں لیتی تب تک وہ اپنا احتجا ج جاری رکھیں گے ۔