جی ایس ٹی کے تحت سونا مہنگا ہوگا

لباس ، بسکٹس ، فٹ ویر سستے ہوں گے ، ارون جیٹلی
نئی دہلی ۔ 3 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام) : جی ایس ٹی کے تحت یکم جولائی سے سونا مہنگا ہوگا ۔ البتہ 1000 روپئے تک کا لباس سستا ہوگا ۔ بسکٹس اور فٹ ویر بھی سستے ہوجائیں گے ۔ مرکز اور ریاستوں نے آئندہ ماہ سے جی ایس ٹی پر عمل آوری سے اتفاق کیا ہے ۔ مغربی بنگال نے جی ایس ٹی کو قبول نہیں کیا ۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی کی زیر قیادت منعقدہ جی ایس ٹی کونسل اجلاس میں آج ٹیکس پیاکیج کا فیصلہ کیا گیا ۔ برانڈڈ فوڈ اشیاء پر 5 فیصد ، ٹنڈو پتے پر 18 فیصد اور بیڑی پر سب سے زیادہ شرح 28 فیصد عائد ہوگی جب کہ بسکٹس پر 18 فیصد کی سطحی شرح عائد ہوگی ۔ فٹ ویر 500 روپئے تک کی  قیمت والوں پر 5 فیصد جی ایس ٹی عائد ہوگا ۔ پارچہ جات کے زمرہ میں سلک ، جیوٹ ، فائبر کو استثنیٰ دیا گیا ہے ۔ جب کہ کاٹن اور نیچرل فائبر اور تمام اقسام کے دھاگوں پر 5 فیصد جی ایس ٹی ہوگا ۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی نے کہا کہ فٹ ویر اور ٹکسٹائیلس دونوں پر بڑی رعایت دی گئی ہے ۔ سونے کی قیمت میں اضافہ ہوگا ۔ کونسل نے سونے اور سونے کے زیورات پر 3 فیصد ٹیکس عائد کیا ہے ۔۔