جی ایس ٹی کے بعد ٹیکس وصولی میں اضافہ : سومیش کمار

حیدرآباد 5 جولائی ( این ایس ایس ) تلنگانہ ریاست میں 2017-18 میں جی ایس ٹی کے نفاذ کے ایک سال میں ٹیکس وصولی خاطر خواہ حد تک بڑھی ہے اور جملہ 42,054 کروڑ روپئے وصول کئے گئے جبکہ سال گذشتہ یہ وصولی 35,232 کروڑ کی تھی ۔ کمرشیل ٹیکس پرنسپل سکریٹری سومیش کمار نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ مزید تجارت اور کاروباروں کو اس ٹیکس کے دائرہ کار میں لانے میں کچھ رکاوٹوں کے باوجود ٹیکس وصولی میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال 1.5 لاکھ کاروباروں کو جی ایس ٹی کے دائرہ کار میں لایا گیا ہے جس کی وجہ سے ٹیکس وصولی میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مزید کاروباروں کو جی ایس ٹی کے دائرہ کار میں لایا جائیگا اور اس سے ٹیکس وصولی میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے ۔