جی ایس ٹی کی وجہ سے گندہ پانی سڑکوں پر بہنے لگا ؟

حیدرآباد ۔ /29 مئی (سیاست نیوز) جی ایس ٹی کے قانون نے کتنے مسائل پیدا کردیئے ہیں اس کا اندازہ قارئین کو سڑکوں پر بہنے والے گندے پانی سے ہوجائے گا کیونکہ کنٹراکٹر نے ڈرینیج کا کام مکمل کرنے سے یہ کہتے ہوئے انکار کردیا ہے کہ جس وقت معاہدہ طئے پایا تھا اس وقت جی ایس ٹی نہیں تھا اور اب جی ایس ٹی کی وجہ سے یہ کام اس کے لئے خسارے کا سوال ہے لہذا وہ اب اس کام کو مکمل نہیں کرسکتا ۔ تفصیلات کے بموجب سکندرآباد کے مصروف علاقے توکارام گیٹ کے ریو پوائنٹ بس اسٹاپ کے نزد مکینوں کو سڑکوں پر بہنے والے گندے پانی سے راحت نہیں مل رہی ہے اور جب مقامی بااثر افراد نے کنٹراکٹر سے رابطہ کیا تو اس نے جی ایس ٹی کو الزم دے دیا ہے ۔ کنٹراکٹر کا کہنا ہے جس وقت 20 لاکھ میں اس کام کا معاہدہ طئے پایا تھا اس وقت جی ایس ٹی نہیں تھا اور اب زیرزمین ڈرینیج کا یہ کام جی ایس ٹی کی وجہ سے نقصان کا سودا ہے لہذا وہ یہ کام اب مکمل نہیں کرسکتا ۔ اکسائز اور نشہ بندی کے وزیر ٹی پدما راؤ اب اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے نئے کنٹراکٹر کی تلاش میں ہیں ۔ دوسری جانب مقامی افراد کی جانب سے جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں سے مسئلے کے حل کے لئے رابطہ کیا جاتا ہے تو وہ ایک ہی جملہ دہراتے ہیں کہ ’’12 بجے تک کام ہوجائے گا ‘‘ ۔