جی ایس ٹی کی توثیق کیلئے اے پی اسمبلی کا کل سے اجلاس

جائیدادوں کے دوہرے رجسٹریشن کے انسداد کیلئے قانون میں ترمیم بھی شامل
حیدرآباد 6 ستمبر (پی ٹی آئی) آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی کا تین روزہ اجلاس جمعرات سے شروع ہوگا جس میں ریاستی مقننہ کے دونوں ایوانوں میں دستوری (122 ویں ترمیمی) بل کی توثیق کی جائے گی جس سے گڈس اینڈ سرویس ٹیکس (جی ایس ٹی) کے نفاذ کی راہ ہموار ہوجائے گی۔ اس مختصر مدتی اجلاس میں جی ایس ٹی کے علاوہ دیگر چار بلز بھی منظور کی جائیں گی۔ آندھراپردیش کا جدید مقننہ کامپلکس چونکہ اس ریاست کے نئے دارالحکومت کے علاقہ امراوتی میں ہنوز زیرتعمیر، مانسون اجلاس حیدرآًاد میں ہی منعقد ہوگا۔ چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو کی صدارت میں آج دوپہر منعقدہ کابینی اجلاس میں ان بلز کے مسودوں کو منظوری دی گئی جنھیں مقننہ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ دیگر بلز میں ایک قانون ویاٹ 2005 ء میں ترمیم سے متعلق ہے جس کا مقصد اہم سیاحتی مراکز پر واقع عصری اور فائیلو اسٹار ہوٹلوں پر عائد موجودہ 14.5 فیصد ویاکٹ کو گھٹاکر 5 فیصد کرنا ہے۔ کابینہ کے اجلاس کے بعد ایک سینئر وزیر نے کہاکہ اس ترمیم سے موبائیل فون پر عائد ویاٹ میں بھی 5 فیصد کمی ہوگی۔ ایک اور بل 1908 ء کے قانون رجسٹریشن میں ترمیم سے متعلق ہے جو دراصل جائیدادوں کے دوہرے رجسٹریشن کو روکنے کے مقصد پر مبنی ہے۔ اس بل کی منظوری سے تنازعات اور پیچیدگیوں میں کمی ہوگی۔