جی ایس ٹی کیخلاف ہڑتال ، مارکٹ میں بیشتر دوکانیں بند

کولکاتا،30جون(سیاست ڈاٹ کام) جی ایس ٹی کے نفاذ کے خلاف بھارتیہ ادیوگ ویپار منڈل کے ہڑتال کے اعلان کے بعد آج کلکتہ میں ہول سیل مارکیٹ کی بیشتر دوکانیں بند ہیں۔ ایشیا کی سب سے بڑی ہول سیل مارکیٹ بڑا بازار میں واقع دوکانیں بند ہیں ۔مغربی بنگال ٹریڈر ایسوسی ایشن کے چیر مین مہیش سنگھانیا نے کہا کہ ملک بھر میں یکم جولائی سے جی ایس ٹی نافذ ہوجائے گا ۔اس کے نفاذ کے خلاف ہم نے یک روزہ ہڑتال کا اہتمام کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہڑتال کا کلکتہ شہر اور دیگر اضلاع میں ملا جلا اثر رہا ۔بیشتر دوکانیں و مارکیٹ بند ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہم لوگ جی ایس ٹی کے خلاف نہیں ہے بلکہ ہمارا مطالبہ ہے کہ جی ایس ٹی کے قوانین کو آسان بنایا جائے تاکہ تاجروں کو مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے ۔چیمبر آف ٹیکسٹائل اینڈ انڈسٹری کے صدر ارون بھووالکا نے کہا کہ ٹیکسٹائل سے متعلق جی ایس ٹی میں کئی طرح کا ابہام ہے۔ اس کی وجہ سے اس کے تاجر پریشان ہیں ۔اسی طریقے سے جی ایس ٹی کے نفاذ کا اثر چھوٹے کارو باریوں صحیح نہیں پڑے گا۔سنگھنایا نے کہا کہ جی ایس ٹی کا مقصد تھا کہ ایک ملک، ایک مارکیٹ اور ایک ٹیکس مگر ایسا نہیں ہے بلکہ کئی اور طرح کے ٹیکس ہیں جن کی ادائیگی لازمی ہے ۔بڑا بازا علاقے میں کانگریس جلوس نکال کر جی ایس ٹی کے خلاف بند کی حمایت کی۔ پارلیمنٹ میں جی ایس ٹی بل کے پاس ہونے میں کانگریس نے مرکزی حکومت کی حمایت کی تھی۔