ٹیکس ریٹرنس داخل کرنے کے ایجنڈے کو سہل بنانے پر غور
نئی دہلی ۔ 25اپریل ۔( سیاست ڈاٹ کام ) وزیرفینانس ارون جیٹلی کے زیرقیادت جی ایس ٹی کونسل کا اجلاس 4 مئی کو منعقد ہوگا جس میں ٹیکس ریٹرنس فارم کو آسان بنانے اور بالواسطہ ٹیکس سسٹم قواعد میں مطلوب ترمیمات کرنے پر غور کیا جائے گا ۔ کونسل کی یہ 27 ویں میٹنگ ہوگی جس میں ریاستی وزرائے فینانس بھی شرکت کریں گے ۔ یہ میٹنگ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ شروع ہوگی اور جی ایس ٹی سے متعلق تمام تجاویز کا جائزہ لیاجائے گا ۔ سشیل مودی زیرقیادت وزراء کے ایک گروپ کے ساتھ ٹیکس ریٹرنس داخل کرنے کے طور طریقوں کو آسان بنانے پر فیصلہ کیا جائے گا ۔ اس گروپ نے کونسل کے سامنے نئے ریٹرن فارم کے تین ماڈلس پیش کئے ہیں۔ جیسا کہ ڈاکٹروں نے ارون جیٹلی کی صحت کو دیکھتے ہوئے انھیں گھر پر ہی رہنے کیلئے کہا ہے تو وہ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ اس اجلاس سے مخاطب کریں گے ۔ مارچ میں منعقدہ کونسل کے اجلاس میں جی ایس ٹی ریٹرنس کے دو ماڈلس پر غور و خوص کیا گیا تھا اور یہ تجویز رکھی گئی تھی کہ اس سلسلے میں وزراء کے گروپ کی جانب سے مزید آسانیاں پیدا کئے جانے پر کام ہوگا۔