جی ایس ٹی کا مجموعی تجارت پر مثبت اثر

ایک سال کے دوران تجارت میں بہتری ، سی ایف اوز کا سروے
نئی دہلی ۔ 26 جون ۔( سیاست ڈاٹ کام ) جی ایس ٹی پر عمل آوری کا ایک سال پورا ہونے جارہا ہے ، اس کے منفی اور مثبت اثرات کا جائزہ لینے کیلئے کروائے گئے سروے میں بتایا گیا ہے کہ مجموعی طورپر جی ایس ٹی کا تجارت پر مثبت اثر ہوا ہے ۔ سروے کے مطابق ملک کا مجموعی تجارتی ماحول بہتر دکھائی دے رہاہے ۔ ڈیلائیٹ انڈیا کے سالانہ سی ایف اوز سروے کے مطابق 77 فیصد ایس ایف اوز کا ایقان ہے کہ جی ایس ٹی نے مجموعی تجارت پر مثبت اثر ڈالا ہے۔ زائد از 57 سی ایف اوز کو اب یہ احساس ہورہا ہے کہ اُنھیں عظیم تر تجارتی جوکھم مول لینے کی ضرورت ہے ۔ آنے والے چند برسوں میں حالیہ اصلاحات کے قابل لحاظ مثبت اثرات سامنے آئیں گے ۔ پارٹنر ڈیلائیٹ انڈیا پورس ڈاکٹر نے کہا کہ ایک سال پہلے جی ایس ٹی کو متعارف کرانا ضروری تھا ۔ موجودہ تجارت کے طور طریقوں پر نظرثانی کی بھی ضرورت پیدا ہوئی تھی ، لہذا جی ایس ٹی پر عمل آوری نے معیشت اور مالیہ پر اچھا اثر ڈالا ہے ۔ ٹیکسوں کی وصولی ، فینانس ، لیگل اور آئی ٹیز سسٹم پر اس کے اچھے نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ سپلائی چین میں بھی بہتری آئی ہے ۔ سروے کے مطابق جی ایس ٹی حکومت کو بہتر مالیہ فراہم کرنے کا موجب بنا ۔ اس کے ساتھ ہی بہتر تجارت کے مواقع بھی حاصل ہوئے ۔ دوسری جانب صنعتی شعبہ پر اس کے منفی اثرات مرتب ہوئے جہاں پیداوار میں مالیاتی لاگت بڑھ گئی ۔