جی ایس ٹی چوری میں ملوث کمپنی مالک گرفتار

حیدرآباد 30 مئی (سیاست نیوز) جی ایس ٹی کی چوری میں ملوث کمپنی کے ایک پروپرائٹر کو جی ایس ٹی حکام نے گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق میڑچل سنٹرل جی ایس ٹی کمشنریٹ کے حکام نے فرضی انوائس اور ٹیکس کریڈٹ کے جعلی بلز کی تیاری کرکے جی ایس ٹی چوری میں ملوث آویا انٹرپرائزس کے خلاف مقدمہ درج کیا اور اُس کے پروپرائٹر امیت متل کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزم کو جی ایس ٹی حکام نے عدالت میں پیش کرکے 14 دن کی عدالتی تحویل میں دے دیا۔ تحقیقات کے دوران جی ایس ٹی حکام نے یہ پتہ لگایا کہ مذکورہ ادارہ نے فرضی انوائس تیار کرکے کلکتہ، حیدرآباد کے بعض اداروں سے کاروبار کی انوائس تیار کئے اور جی ایس ٹی ٹیکس کی چوری کی۔ بتایا جاتا ہے کہ المونیم اور پیتل کے اسکراپ کا کاروبار چلانے والا ادارہ فرضی دستاویزات کے ذریعہ جی ایس ٹی حکام کو دھوکہ دے رہا تھا اور بڑے پیمانہ پر ٹیکس چوری میں ملوث پایا گیا۔ اِس سلسلہ میں جی ایس ٹی کمشنر ایم سرینواس نے کہاکہ جی ایس ٹی کی چوری قانوناً جرم ہے اور اِس کے انسداد کیلئے جی ایس ٹی ایکٹ موجود ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مذکورہ کیس میں آویا انٹرپرائزس کے علاوہ ہندوستان اے اے سی پراڈکٹس، آئتری انجینئرس، سری کرشنا کاسٹنگس، سری میٹلس کے خلاف بھی مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ مذکورہ ادارہ نے فرضی انوائس کے ذریعہ 5.76 کروڑ کی چوری کی ہے۔ انسداد معاشی جرائم کورٹ نے جی ایس ٹی چوری کیس میں دیگر دو ملزمین کی درخواست ضمانت کو مسترد کردیا ہے۔