جی ایس ٹی پر شعور بیداری ضروری : ایٹالہ راجندر

حیدرآباد 23 ڈسمبر ( این ایس ایس ) وزیر فینانس ایٹالہ راجندر نے آج مشورہ دیا کہ جو تاجر اور بزنس مین 20 لاکھ سے زائد کی آمدنی رکھتے ہیں انہیں جی ایس ٹی ادا کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں جی ایس ٹی کے فوائد کے تعلق سے شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس ادائیگی کی اہمیت اور اس کے اثرات کو بھی واضح کرنا چاہئے ۔ اسپیکر اسمبلی ایس مدھوسدن چاری کے ساتھ وزیر موصوف نے یہاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ڈیلرس کو قانون کے مطابق جی ایس ٹی ادا کرنا چاہئے جن کی آمدنی 20 لاکھ سے زائد ہو ۔ انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ جی ایس ٹی پر عمل آوری کے باوجود ابھی تک بھی تاجرین اور عوام میں اس تعلق سے کوئی معلومات نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ عوام کو اس تعلق سے معلومات نہیں ہیں ایسے میں عوامی اداروں اور تنظیموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس تعلق سے عوام میں شعور بیدار کریں اور انہیں اس کی اہمیت سے واقف کروائیں۔