جی ایس ٹی مسئلہ پر چیف منسٹر پر پی سدھاکر ریڈی کی تنقید

حیدرآباد 6 اگسٹ (این ایس ایس) کانگریس ایم ایل سی پی سدھاکر ریڈی نے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ انھوں نے وزیراعظم نریندر مودی کو خوش کرنے کے لئے ملک میں سب سے پہلے جی ایس ٹی کی تائید کی اور اب مرکز پر تنقید کررہے ہیں۔ سدھاکر ریڈی نے الزام عائد کیاکہ مرکزی حکومت نے متوسط اور غریب طبقہ پر غور کئے بغیر جی ایس ٹی کی تیاری کی ہے۔ آج یہاں میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ این ڈی اے حکومت نے ملک کے عوام پر ٹیکس کا بھاری بوجھ عائد کردیا ہے۔ یہ یاد دلاتے ہوئے کہ کے سی آر نے کانگریس کے ارکان اسمبلی و کونسل پر اُس وقت نکتہ چینی کی تھی جب انھوں نے اسمبلی اور کونسل میں وزیراعظم پر تنقید کی تھی۔ سدھاکر ریڈی نے کہاکہ کے سی آر اب اسی موضوع پر مرکز پر تنقید کررہے ہیں۔ کے سی آر ایک موقع پرست سیاست داں ہیں اور یہ کہتے ہوئے ڈرامہ کررہے ہیں کہ ٹی آر ایس مسائل کی بنیاد پر این ڈی اے حکومت کی تائید کررہی ہے۔