جی ایس ٹی قواعد منظور، یکم جولائی سے نفاذ

کونسل میٹنگ میں تمام ریاستوں کا اتفاق رائے:وزیر فینانس کیرالا
نئی دہلی ، 3 جون (سیاست ڈاٹ کام) جی ایس ٹی کونسل نے آج معرض التوا قواعد کو منظوری دے دی جن میں تبدیلی کی گنجائشیں اور فوائد شامل ہیں، اور اس کے ساتھ تمام ریاستوں نے گڈز اینڈ سرویسز ٹیکس (جی ایس ٹی) کو یکم جولائی سے متعارف کرانے سے اتفاق کرلیا ہے۔ کیرالا کے وزیر فینانس تھامس ایزاک نے یہاں میڈیا والوں کو بتایا: ’’ہم قواعد پر غوروخوض کررہے تھے اور (وہ عمل) مکمل کرلیا گیا ہے۔ ٹرانزیشن کے قواعد کو منظوری دی گئی اور ہر کسی نے یکم جولائی سے شروعات پر اتفاق کرلیا ہے۔‘‘ جی ایس ٹی کونسل نے گزشتہ ماہ زائد از 1,200 اشیاء اور 500 خدمات کو 5، 12، 18 اور 28 فیصد کے ٹیکس زمروں کیلئے مختص کیا تھا۔ مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے جی ایس ٹی کونسل کی 15 ویں میٹنگ کی صدارت کی، جو 6 اشیاء بشمول گولڈ، پارچہ جات اور فٹ ویئر کی ٹیکس شرح پر فیصلہ کرنے والی ہے۔ ایزاک کا یکم جولائی سے شروعات پر تمام ریاستوں کے اتفاق سے متعلق بیان کی اہمیت ہے کیونکہ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے کہا تھا کہ اُن کی ریاست نئے بالواسطہ ٹیکس سسٹم کو اس کی موجودہ شکل میں متعارف نہیں کرائے گی۔ تاہم ، آج کی میٹنگ میں بنگال کے وزیر فینانس امیت مترا شریک ہیں۔ ممتا بنرجی نے گزشتہ روز کہا تھا کہ ان کی حکومت نئے جی ایس ٹی سسٹم کی اس کی موجودہ شکل میں حمایت نہیں کرے گی اور یہ کہ ان کی حکومت جیٹلی کو مکتوب تحریر کرتے ہوئے تبدیلیوں کیلئے کہے گی تاکہ اسے سماج کے تمام طبقات کیلئے سازگار بنایا جاسکے۔