جی ایس ٹی قانون اور زرعی بحران پر پارلیمنٹ میں مزید ہنگامہ کا اندیشہ

نئی دہلی۔26اپریل ( سیاست ڈاٹ کام)حکومت اور اپوزیشن پارلیمنٹ کے اجلاس میں جس کا آغاز کل سے ہوگا جنرل سیلس ٹیکس قانون اور زرعی بحران جیسے مسائل پر ایک دوسرے سے دوبارہ الجھ سکتی ہے ۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں یہی مسائل سرفہرست ہوں گے ۔ نریندر مودی زیرقیادت حکومت کے پاس جاریہ ہفتہ تکمیل کیلئے ایک مصروف ایجنڈہ ہے ۔ جب کہ دونوں ایوان صرف مزید چار دن کام کریں گے ۔ جی ایس ٹی بل اور معاشی معاملات کے علاوہ 9وزارتوں کی مجلس قائمہ کی رپورٹس کے علاوہ جو شہری ترقیات ‘ زراعت اور توانائی کے شعبوں کے بارے میں ہیں ‘ اس مدت کے دوران پارلیمنٹ کو پیش کی جائیں گی ۔ جی ایس ٹی بل بھی غور کیلئے معاملات کی فہرست میں شریک ہے اور کل لوک سبھا میں مباحث اور منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا ۔