جی ایس ٹی شرح میں اضافہ کے آرڈیننس پر کابینہ کا آج غور متوقع

نئی دہلی ۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) کابینہ کے کل منعقد شدنی اجلاس میں جی ایس ٹی کے جدید طریقہ کار کے تحت اوسط، بڑی اور اسپورٹس کاروں پر ٹیکس کی شرح کو 15 فیصد سے بڑھا کر 25 فیصد مقرر کرنے کیلئے آرڈیننس کی اجرائی پر غور کیا جاسکتا ہے۔ جی ایس ٹی پر عمل آوری کے آغاز کے ساتھ ہی اسپورٹس یوٹیلٹی وہیکلس (ایس یو ویز) کی قیمتوں میں 1.1 لاکھ تا 3 لاکھ روپئے کی کمی ہوئی تھی۔ یکم ؍ جولائی سے نافذ جی ایس ٹی میں اکسائز ڈیوٹی، سرویس ٹیکس اور ویاٹ جیسے تقریباً ایک درجن مرکزی اور ریاستی ٹیکسوں کا انجذاب عمل میں آیا تھا۔
ایک عہدیدار نے کہا کہ کل ٹیکس میں اضافہ کے ساتھ کٹوتی واپس لی جائے گی۔ اس ضمن میں ایک آرڈیننس کابینہ میں غور کیلئے پیش کیا جارہا ہے۔