جی ایس ٹی سے افراط زر کے اثرات مرتب نہیں ہونگے

لوک سبھا میں چار بلز کی پیشکشی کے بعد وزیرفینانس کا خطاب
نئی دہلی ۔ 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیرفینانس ارون جیٹلی نے آج ان اندیشوں کو مسترد کردیا کہ گڈس اینڈ سرویسیس ٹیکس (جی ایس ٹی) کے نفاذ کے بعد سازوسامان اور ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس کی شرحوں کو تقریباً موجودہ سطح پر ہی رکھا گیا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اس کے نفاذ سے افراط زر کے اثرات مرتب نہ ہوسکیں۔ جی ایس ٹی کو نافذالاثر بنانے کیلئے جیٹلی نے لوک سبھا میں چار بلز پیش کرتے ہوئے جیٹلی نے کہا کہ جدید ٹیکس نظام کے نفاذ کی تیاریاں تکمیل کے قریب ہیں اور اشیاء کی زمرہ بندی کا عمل آئندہ ماہ سے شروع ہوجائے گائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس ڈھانچہ سے متعلق تمام امور پر جی ایس ٹی کونسل اتفاق رائے کے ساتھ فیصلہ کرے گی اور یہ پہلا موقع ہیکہ مرکز اور ریاستی حکومتوں کی مشترکہ خود اختیاری کے اصول پر مبنی ایک سمجھوتہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم سب کیلئے یہ ضروری ہیکہ اس وفاقی ادارہ کی بہتر کارکردگی کو یقینی بنائیں۔ مرکز اور ریاستوں کے مابین حساس و نازک توازن پر متفقہ اتفاق کیا گیا ہے اور یہ ایک وفاقی سمجھوتہ ہے جس کو دستوری منظوری حاصل ہے‘‘۔