جی ایس ٹی اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ درست

اجلاس سے چند گھنٹے قبل اطلاع دینا حکومت کی کوتاہی: آنند شرما
نئی دہلی ۔ 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر لیڈر آنندشرما نے آج کہاکہ جی ایس ٹی کی شروعات کیلئے نصف شب کے خصوصی اجلاس کا بائیکاٹ کرنے ان کی پارٹی کا فیصلہ درست تھا اور اس پر دوبارہ غور کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ معمولی مسئلہ نہیں ہیکہ حکومت اجلاس سے صرف چند گھنٹے قبل اپوزیشن کو شرکت کیلئے درخواست کرے۔ اپوزیشن اپنے فیصلہ پر نظرثانی نہیں کرے گی۔ پارلیمنٹ کے اصول اور ملک کی روایت کو ذہن میں رکھ کر ہی ہم نے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ماضی میں بھی اس طرح کے کئی کارنامے ہوئے ہیں اور کئی مسائل بھی پیدا ہوئے ہیں لیکن حکومت نے نصف شب پارلیمنٹ سیشن کو طلب نہیں کیا۔ 1971ء میں جب بنگلہ دیش میں آزادی ملی تو ہندوستان کو بھی اس میں کامیابی حاصل ہوئی۔ پاکستان کی فوج نے جس وقت ہتھیار ڈال دیئے تھے اندرا گاندھی نے نصف شب پارلیمنٹ سیشن طلب نہیں کیا۔ ملک میں نیوکلیئر تجربہ کیا گیا۔ خلاء میں ہندوستان نے قدم رکھا۔ معاشی اصلاحات لائے گئے۔ کئی بڑے واقعات ہوئے لیکن ہم نے ایسی حرکتیں نہیں کی ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی کو عوام کے سامنے جوابدہ ہونا چاہئے کہ انہوں نے صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کے سامنے H1-B ویزا کا مسئلہ کیوں نہیں اٹھایا۔ وہ خالی ہاتھ واپس آگئے۔ آخر انہوں نے خاموشی کیوں اختیار کی۔ عوام کو جواب دینا چاہئے۔ آنند شرما نے ملک کی موجودہ سیکوریٹی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ اسی دوران این سی پی نے جی ا یس ٹی پر منعقدہ نصف شب کے اجلاس میں شرکت کی اور اپنے اس فیصلہ کو حق بجانب قرار دیا۔