جی او 111 کو منسوخ کرنے تک جدوجہد جاری رکھنے کا عزم : کانگریس

شمس آباد ۔ 4 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : کانگریس پارٹی کی جانب سے پریس کانفرنس منعقد کی گئی جس میں جی او 111 پر بات کرتے ہوئے وینوگوڑ کانگریس منڈل صدر نے کہا کہ جی او 111 کی وجہ سے 84 پنچایت متاثر ہورہے ہیں ۔ اور یہاں ترقی میں کئی رکاوٹیں پیدا ہورہی ہے ۔ جی او کی منسوخی کے لیے بھی پارٹیوں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شمس آباد منڈل کو جی او 111 سے علحدہ کردیں تاکہ یہاں کی ترقی ہوسکے ۔ راچا ملا سدیشور سرپنچ شمس آباد نے کہا کہ جی او111 کی وجہ سے مکانات کی تعمیر ، وینچرس کی تعمیر و دیگر کاموں کی اجازت نہیں مل رہی ہے ۔ جس کی وجہ سے گرام پنچایتوں کو ہونے والی آمدنی میں تقریبا 75 فیصد تک کمی ہوئی ہے جس کی وجہ سے ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ پیدا ہورہی ہے ۔ حکومت ایک طرف ترقیاتی کام انجام دینے کا اعلان کررہی ہے ۔ ایسے میں حکومت کو چاہئے کہ جی او کی منسوخی کے لیے اقدامات کریں ۔ تب ہی شمس آباد کی ترقی ممکن ہے ۔ شمس آباد میں ایرپورٹ اور اوٹر رنگ روڈ کی تعمیر کی وجہ سے یہاں روزگار اور ترقی کی امید کی جارہی تھی لیکن ایسا کچھ بھی نہیں ہوا ۔ سرپنچ نے تمام پارٹیوں سے اپیل کی کہ جی او 111 کی منسوخی کے لیے تمام کو متحد ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔۔