جی او نمبر 101 میں کئی خامیاں اور غلطیاں

حیدرآباد 28 جنوری (سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی نے ریاستی حکومت کی جانب سے درج فہرست اقوام و قبائیل، پسماندہ و اقلیتی طبقات کیلئے پیشہ ورانہ قرضہ جات متعلقہ مالیاتی کارپوریشن سے حاصل کرنے کیلئے حد عمر میں کمی کرتے ہوئے جاری کردہ جی او کی پرزور مخالفت کی اور کہاکہ اِس جی او نمبر 101 میں کئی ایک خامیاں و غلطیاں ہیں لہذا اس جی او میں مناسب ترمیم کرکے اہل غریب افراد کو قرضہ جات فراہم کرنے کے مؤثر اقدامات کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔

آج یہاں اِس سلسلہ میں جی او 101 میں مناسب ترمیم کے مطالبہ پر 30 جنوری کو اندرا پارک کے پاس منظم کئے جانے والے بڑے احتجاجی دھرنا پروگرام میں مدعو کرنے کیلئے مختلف تنظیموں کے قائدین پر مشتمل ایک وفد نے این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں صدر تلگودیشم پارٹی مسٹر این چندرابابو نائیڈو سے ملاقات کی اور ایک یادداشت پیش کی۔ ملاقات کرنے والے وفد میں ایس چاری جنرل سکریٹری ریاستی بی سی سل تلگودیشم پارٹی کے ہمراہ بی آشیا، ٹی راجندر، ایم سوریہ راؤ اور کے ناگا راجو شامل ہیں۔ اس موقع پر مسٹر چندرابابو نائیڈو نے بات چیت کرتے ہوئے مذکورہ بات کہی اور بتایا کہ کسی حد عمر کے بغیر تمام اہل غریب افراد کو سابقہ طریقہ کار کے ذریعہ قرضہ جات فراہم کرنے کا ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا اور کہاکہ ریاستی حکومت کو چاہئے کہ وہ خود (90) فیصد سبسیڈی فراہم کرتے ہوئے قرضہ جات فراہم کرے۔

مسٹر نائیڈو نے وفد کو تیقن دیا کہ 30 جنوری کو اندرا پارک کے پاس ذکورہ جی او نمبر 101 میں مناسب ترمیم کے مطالبہ پر منظم کئے جانے والے احتجاجی دھرنا پروگرام کیلئے تلگودیشم پارٹی کا بھرپور تعاون حاصل رہے گا اور اس جی او میں ترمیم کو یقینی بنانے کیلئے حکومت سے مؤثر نمائندگی کریں گے۔