نئی دہلی۔/23جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت کرناٹک نے آج سپریم کورٹ سے رجوع ہوکر چیف منسٹر تاملناڈو جیہ للیتا کو غیر محسوب اثاثہ جات مقدمہ میں ریاستی ہائی کورٹ کی جانب سے بری کردیئے جانے کے فیصلہ کو چیلنج کیا ہے۔ ریاستی حکومت نے ایڈوکیٹ جوزف اریٹو ٹلے کے ذریعہ دائر کردہ اپیل میں کرناٹک ہائی کورٹ کا حکم کالعدم قرار دینے کی اپیل کی اور انا ڈی ایم کے سربراہ کی نااہلیت کو بحال کرنے کی خواہش کی ۔ حکومت نے یہ بھی کہا کہ ہائی کورٹ کے روبرو اسے اپنا موقف موثر طور پر پیش کرنے کا موقع نہیں ملا۔ کرناٹک ہائی کورٹ نے 11مئی کو انا ڈی ایم کے لیڈر جیہ للیتا کو اس مقدمہ میں یہ کہتے ہوئے بری کردیا تھا کہ اسپیشل کورٹ نے غیر موثر انداز میں انہیں ماخوذ کیا ہے جس کی قانون میں گنجائش نہیں۔ خصوصی عدالت نے گزشتہ سال جیہ للیتا کو کرپشن کا مجرم گردانتے ہوئے چار سال سزائے قید اور 100 کروڑ روپئے کا جرمانہ عائد کیا تھا۔