جیہ للیتا کی 67 ویں سالگرہ تقریب

چینائی ۔ 24 فبروری۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) انا ڈی ایم کے سربراہ جیہ للیتا کی 67 ویں سالگرہ کے موقع پر آج 67 کلو وزنی کیک کاٹا گیا اور صحت و درازی عمر کیلئے خصوصی پوجا اور فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا گیا جبکہ وزیراعظم نریندر مودی نے انھیں مبارکباد پیش کی ہے ۔ ریاستی گورنر کے روشیا نے پیام مبارکباد کے ساتھ ایک گلدستہ روانہ کیا اور جیہ للیتا کی قائدانہ صلاحیتوں اور غریبوں کیلئے خدمات کی ستائش کی ۔ واضح رہیکہ جیہ للیتا ، غیرمحسوب اثاثہ جات کیس میں بنگلور کی ایک خصوصی عدالت کی جانب سے 4 سال کی سزائے قید سنانے کے بعد ضمانت پر رہا ہوئی ہیں آج اپنی سالگرہ کے دن بھی خاموش رہیں جبکہ پارٹی ہیڈکوارٹر پر جشن کا منظر دیکھا گیا جہاں پر کابینی وزراء بشمول چیف منسٹر اوپنیر سلیوام اور دیگر حامیوں نے سالگرہ تقریب منائی ۔

مدھیہ پردیش میں تعمیرات امکنہ کیلئے قرضوں کی فراہمی
بھوپال ۔ 24 فبروری۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) DHFL کی جانب سے قائم کردہ مشترکہ کمپنی آدھار ہاوزنگ فینانس اور انٹرنیشنل فینانس کارپوریشن نے مدھیہ پردیش میں کم آمدنی والے گروپس میں 300کروڑ روپئے کے قرضہ جات تقسیم کئے ہیں۔ آدھار چیف ایکزیکٹیو آفیسر مسٹر دیو شنکر ترپاٹھی نے بتایا کہ کم آمدنی والے گروپس بشمول 5 ہزار ، 25 ہزار ماہانہ تنخواہ یاب ملازمین اور خودروزگار چلانیو الوں میں 300 کروڑ روپئے تقسیم کئے گئے تاکہ وہ اپنے ذاتی مکانات تعمیر کرسکیں۔ انھوں نے بتایا کہ سال 2011ء میں قیام کے بعد سے آدھار نے ریاست بھر میں 14 ہزار درخواستوں کی یکسوئی کرتے ہوئے تعمیر امکنہ کیلئے 6000 خاندانوں کی امداد کی ہے ۔