جیہ للیتا کیس میں پبلک پراسیکوٹر کو ہٹا دینے کی درخواست

نئی دہلی ۔ 26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ایک ڈی ایم کے لیڈر آج غیرمحسوب اثاثہ جات کیس میں سابق چیف منسٹر ٹاملناڈو جیہ للیتا کی اپیل پر کرناٹک ہائیکورٹ کی کارروائی کے خلاف حکم التواء جاری کرنے اور پبلک پراسیکوٹر کو ہٹادینے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع ہوئے ہیں۔ ڈی ایم کے جنرل سکریٹری کے انبازگن نے مذکورہ کیس میں پبلک پراسیکوٹر کو ہٹادینے کی درخواست کی ہے اور الزام عائد کیا کہ وہ اس سلسلہ میں غیرجانبدار نہیں ہیں۔ چیف جسٹس ایچ ایل دتو کی زیرقیادت بنچ سے سینئرایڈوکیٹ ٹی آر اندھیا روجیناکی پیشکردہ ہنگامی درخواست کو قبول کرلیا اور معاملہ کو سماعت کیلئے کل تک ملتوی کردیا۔ قبل ازیں عدالت العالیہ نے ڈسمبر 2014ء میں جیہ للیتا کی ضمانت میں 4 ماہ کی توسیع کی تھی اور چیف جسٹس کرناٹک ہائیکورٹ کو ہدایت دی تھی کہ اندرون 7 ماہ کی مقدمہ کی یکسوئی کیلئے خصوصی بنچ کا قیام عمل میں لائیں۔ غیرمحسوبہ اثاثہ جات کیس میں جیہ للیتا کو 4 سال کی سزائے قید اور 100 کروڑ کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے اور وہ فی الحال ضمانت پر باہر ہیں۔