جیہ للیتا سے دواخانہ میں کسی وزیر نے ملاقات نہیں کی

چینائی 25 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ڈپٹی چیف منسٹر ٹاملناڈو اوپنیر سیلوم نے آج کہاکہ کسی بھی ریاستی وزیر نے جیہ للیتا سے دواخانہ میں اُن کے زیرعلاج رہنے کے دوران ملاقات نہیں کی اور اشارہ دیا کہ صرف اُن کی قریبی مددگار ششی کلا اور اُن کی فیملی کو آنجہانی چیف منسٹر تک رسائی حاصل تھی۔ اُنھوں نے میڈیا والوں کو بتایا کہ کوئی بھی وزیر نے امّاں (جیہ للیتا) سے ملاقات نہیں کی۔ نرس اُن کے پاس جایا کرتی تھی اور وہ (ششی کلا اور فیملی) ہی جاتے تھے۔ اس سوال پر کہ کیوں دیگر افراد جیہ للیتا سے ملاقات نہیں کرسکے، پنیر سیلوم نے کہاکہ اُنھیں بتایا گیا تھا کہ اس طرح عیادت کے لئے کثیر تعداد میں آنے والوں سے انفیکشن کا خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ ’’ہم اُن کے روم میں یہ سوچ کر نہیں گئے کہ اُنھیں انفیکشن نہیں ہونا چاہئے۔ ہم اُن کی اچھی صحت کے ساتھ واپسی چاہتے تھے۔ وہ (ششی کلا) اُن کی عیادت کرتیں اور ہمیں بتاتیں کہ امّاں کی صحت میں بہتری ہورہی ہے، وہ کھانا کھارہی ہیں وغیرہ۔ ہم بس اتنا کہتا کہ ٹھیک ہے، بہت شکریہ۔ ہمیں غم تھا کہ امّاں علیل ہوگئی ہیں‘‘۔