جیہ للیتا ، چیف منسٹر کا عہدہ سنبھالنے کیلئے تیار

چینائی ۔ 15 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام): انا ڈی ایم کے سربراہ جیہ للیتا چیف منسٹر ٹاملناڈو کی حیثیت سے بہت جلد واپس ہوں گی ۔ 22 مئی کو منعقدہ لیجسلیچر پارٹی اجلاس میں انہیں لیڈر منتخب کرنے کے بعد وہ پانچویں مرتبہ چیف منسٹر بن جائیں گی ۔ غیر محسوب اثاثہ جات کیس میں ان کی رہائی کے باعث چیف منسٹر کا عہدہ حاصل کرنے کی راہ ہموار ہوئی ہے ۔ جیہ للیتا کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹرس پر 22 جون کو منعقد ہونے والے اجلاس میں انا ڈی ایم کے لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر متفقہ طور پر منتخب کیا جائے گا ۔ انا ڈی ایم کے ذرائع نے بتایا کہ اس اجلاس میں اہم کارروائی جیہ للیتا کے چیف منسٹر کا عہدہ بحال کرنے کی کوشش ہوگی ۔ قبل ازیں دن میں ایک مختصر صحافتی بیان میں ارکان اسمبلی کے اجلاس کا اعلان کرتے ہوئے جیہ للیتا نے کہا کہ تمام ارکان اسمبلی کو کسی ناکامی کے بغیر اجلاس میں شرکت کرنی ہوگی ۔ ذرائع نے کہا کہ جیہ للیتا حکومت سازی کا دعویٰ پیش کریں گی اور 22 ، 24 مئی کے درمیان کسی بھی وقت چیف منسٹر کا عہدہ حاصل کریں گی ۔ موجودہ چیف منسٹر اوپنیر سلیوم کی کابینہ فوری بعد مستعفی ہوگی تاکہ پارٹی سربراہ کو چیف منسٹر کا عہدہ سنبھالنے کے لیے موقع حاصل ہوجائے ۔

جیہ للیتا سب سے پہلے 1991 میں ٹاملناڈو کی چیف منسٹر منتخب ہوئی تھیں ۔ انہیں بھاری اکثریت سے کامیابی ملی تھی ۔ 21 مئی 1991 میں ایک خاتون ایل ٹی ٹی ای خود کش بم بردار کے حملہ میں سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کی ہلاکت کے فوری بعد سنسنی خیز انتخابات منعقد ہوئے تھے ۔ جس میں جیہ للیتا کی پارٹی کو شاندار کامیابی ملی تھی ۔ انہوں نے 2001-06 میں دوسری میعاد کے طور پر اپنا کام پورا کیا اور اس مدت کے دوران انہوں نے سرکاری ملازمین کی ہڑتال کے بشمول کئی اہم مسائل سے سختی سے نمٹا تھا ۔ سال 2011 میں انہوں نے تیسری مرتبہ اپنی کٹر حریف ڈی ایم کے خلاف کامیابی حاصل کر کے چیف منسٹر کا عہدہ سنبھالا تھا ۔ ڈی ایم کے کو 2G اسپکٹرم اسکینڈل میں ملوث قرار دیا گیا تھا ۔ اب غیر محسوب اثاثہ جات کیس میں کرناٹک ہائی کورٹ کے جج نے انہیں 11 مئی کو اپنے فیصلہ کے ذریعہ بری کردینے کا حکم دیا تھا ۔ عدالت نے ان کی سزا کو بھی کالعدم قرار دیا ہے ۔۔