نئی دہلی 2 فروری (سیاست ڈاٹ کام) انا ڈی ایم کے نے آج حکومت سے کہا ہے کہ سابق چیف منسٹر ٹاملناڈو جیہ للیتا کی 32 سالہ عوام کی بے مثال خدمات کے اعتراف میں ہندوستان کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز بھارت رتن سے نوازا جائے اور نوبل انعام کے لئے ان کے نام کی سفارش کی جائے۔ راجیہ سبھا میں وقفہ صفر کے دوران یہ موضوع اٹھاتے ہوئے انا ڈی ایم کے رکن شریمتی وجیلا سنیہ تنتھ نے کہاکہ 10 کروڑ عوام انھیں (جیہ للیتا) پیار سے اماں کہتے تھے اور لفظ اماں کا کوئی متبادل نہیں ہے اور وہ محبت اور ایثار کا پیکر تھیں۔ جنھوں نے آخری سانس تک غریبوں کی فلاح و بہبود کے لئے انتھک جدوجہد کی تھی اور خاتون آہن نے ٹاملناڈو کو ہمہ گیر ترقی دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی۔ جیہ للیتا کو انقلابی لیڈر بھی کہا جاتا تھا۔ طویل علالت کے بعد 5 ڈسمبر کو انتقال ہوگیا تھا۔ یہ ادعا کرتے ہوئے کہ اماں ایک ذہین اور فتین خاتون تھیں اور جن کا دنیا کے کسی بھی لیڈر سے تقابل نہیں کیا جاسکتا لہذا انھیں بعداز مرگ بھارت رتن ایوارڈ عطا کیا جانا چاہئے۔ انا ڈی ایم کے لیڈر نے حکومت سے یہ بھی گذارش کی کہ پارلیمنٹ کے احاطہ میں جیہ للیتا کا قدآور مجسمہ نصب کیا جائے۔