نسلی ریمارک، معذور شخص کو زدوکوب ، کرکٹر ہربھجن سنگھ کا ٹوئٹ
ممبئی۔ 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جیٹ ایرویز سے وابستہ ایک غیرملکی پائیلٹ نے ایک خاتون مسافر پر حملہ کیا اور اس کے ساتھ بدتمیزی کرتے ہوئے نسلی تبصرے کئے۔ فلائیٹ میں سوار کرکٹر ہربھجن سنگھ نے آج یہ دعویٰ کیا۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ پیام میں لکھا ہے کہ پائیلٹ نے نہ صرف خاتون کو نشانہ بنایا بلکہ ایک معذور شخص کو بھی زدوکوب کیا۔ کرکٹر نے اس واقعہ کو افسوسناک اور صدمہ خیز قرار دیتے ہوئے متعلقہ شخص کے خلاف سخت ترین کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ہربھجن سنگھ نے اپنے سلسلہ وار ٹوئٹر بیانات میں لکھا ہے کہ ’’نام نہاد اس جیٹ ایرویز پائیلٹ نے میری ساتھی خاتون ہندوستانی مسافر کو گالی دیتے ہوئے کہا : ’’تم حرامی ہندوستانی میرے طیارہ سے اُتر جاؤ‘‘ جبکہ یہ پائیلٹ ہمارے ملک کی روٹی کھا رہا ہے۔ طیارہ میں جو کچھ ہوا اس کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے ہربھجن سنگھ نے کہا کہ پائیلٹ نے نہ صرف نسلی ریمارکس کئے بلکہ اس خاتون پر حملہ بھی کردیا اور ایک معذور شخص کو زدوکوب بھی کیا۔ یہ واقعہ صدمہ خیز اور افسوسناک تھا۔ جیٹ ایرویز کے لئے یہ شرم کی بات ہے۔ انہوں نے ہمارے ملک میں اس طرح کے واقعات کی ہرگز اجازت نہ دینے اور اعادہ نہ کرنے کا مطالبہ کیا کہ جیٹ ایرویز سے رابطہ قائم کیا گیا تو ترجمان نے اس پر فوری طور پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا اور کرکٹر کے ٹوئٹس کا بھی ایرلائینس نے کوئی جواب نہیں دیا۔