نئی دہلی 14 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی کے گردہ کی آج یہاں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس (ایمس) میں کامیاب پیوندکاری کی گئی۔ ایک سرکاری عہدیدار نے کہاکہ گردہ کا عطیہ دینے والے شخص اور جیٹلی کی صحت مستحکم ہے۔ دونوں تیزی سے صحتیاب ہورہے ہیں۔ 65 سالہ جیٹلی کو ہفتہ کو ملک کے اس کلیدی طبی ادارہ میں شریک کیا گیا تھا۔ ایمس کے ایک سینئر عہدیدار نے کہاکہ ’’جیٹلی کے گردہ کی کامیاب پیوندکاری کی گئی۔ آپریشن کامیاب رہا۔ وہ اور اُنھیں عطیہ دینے والے شخص کی صحت مستحکم ہے‘‘۔ وزیر فینانس کو گردہ کا عارضہ ہے اور گزشتہ ماہ سے ڈائیلاسیس پر تھے۔ ذرائع کے مطابق امراض گردہ کے ماہر ڈاکٹر سندیپ گلیریا نے جن کا تعلق اپالو ہاسپٹل سے ہے، اُن کے گردہ کی پیوندکاری کی۔ ڈاکٹر سندیپ گلیریا ایمس کے ڈائرکٹر رندیپ گلیریا کے بھائی ہیں اور جیٹلی کے خاندانی دوست بھی ہیں۔