جیٹلی کا تبصرہ ، حقیقت سے بعید حریت کا ردعمل

سرینگر ۔ /4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) اعتدال پسند حریت کانفرنس نے مرکزی وزیر ارون جیٹلی کے اس بیان پر شدید ر دعمل کا اظہار کیا کہ جموں و کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے اور سرحد کی دوبارہ حد بندی نہیں کی جاسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ریمارکس حقیقت سے بعید اور متنازعہ نوعیت کے ہیں ۔ علحدگی پسند تنظیم نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ کشمیر مسئلہ اور ریاست میں جاری انتخابات کے مابین کوئی تعلق نہیں ہے ۔ حریت نے ایک بیان میں کہا کہ ارون جیٹلی کا تبصرہ حقیقت سے دور اور ریاست کے تاریخی و سیاسی پس منظر میں متنازعہ نوعیت کا ہے۔ حریت نے کہا کہ انتخابات صرف انتظامی امور کی انجام دہی کیلئے منعقد ہورہے ہیں ۔ تنظیم نے دعویٰ کیا کہ 2008 ء اور 2010 ء کے عوامی احتجاج ان لوگوں کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہونا چاہئیے جو سمجھتے ہیں کہ انتخابی عمل میں حصہ لیتے ہوئے عوام نے جائز جدوجہد کو ختم کردیا ہے ۔ حریت نے وزیراعظم نریندر مودی کے /8 ڈسمبر کو دورہ کے خلاف عوام سے بند منانے کی اپیل کی ۔