جیون پرمان اسکیم : وظیفہ یابوں کو عنقریب راحت

نئی دہلی ۔ 10 نومبر ۔ (سیاست ڈاٹ کام) ملک بھر میں ایک کروڑ سے زائد سرکاری و پبلک سیکٹر یونٹ کے وظیفہ یابوں کو راحت ملنے کا امکان ہے کیونکہ عنقریب اُنھیں تصدیق نامہ حیات شخصی طورپر پیش کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے آج آدھار سے مربوط ’’جیون پرمان‘‘ اسکیم کا افتتاح کیا ۔اس کے ذریعہ عام آدمی کو فائدہ ہو گا ۔ مجوزہ ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ کے نتیجہ میں پنشنرس کو ہر سال نومبر میں تصدیق نامہ حیات (لائف سرٹیفکیٹ ) پیش کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی ۔ وزیراعظم کے دفتر نے ایک بیان میں کہا کہ ڈپارٹمنٹ آف الکٹرانکس اینڈ آئی ٹی نے ایک سافٹ ویر اپلیکیشن تیار کیا ہے جس کے ذریعہ پنشنر کے آدھار نمبر اور بائیو میٹرک تفصیلات کو اُس کے موبائیل یا کمپیوٹر سے ریکارڈ کیا جاسکتا ہے ۔ موجودہ طریقہ کار میں پنشنر کو شخصی طورپر متعلقہ عہدیدار کے روبرو پیش ہوتے ہوئے اپنا لائف سرٹیفکیٹ داخل کرنا ہوتا ہے ۔