جینکو میں تقررات 4 فیصد مسلم تحفظات پر عمل آوری

چیف جنرل منیجر کا صدر نشین اقلیتی کمیشن کو مکتوب، اوپن یونیورسٹی رجسٹرار کی آج حاضری
حیدرآباد۔/27جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پاور جنریشن کارپوریشن لمیٹیڈ (جینکو ) میں تقررات کے موقع پر 4 فیصد مسلم تحفظات پر عمل آوری کی جارہی ہے۔ حالیہ عرصہ میں جینکو نے 2 مرحلوں میں تقررات کا اعلامیہ جاری کیا جس میں اسسٹنٹ انجینئرس اور کیمسٹ کی جائیدادوں میں 4 فیصد تحفظات پر عمل آوری کی گئی۔ تلنگانہ جینکو کے چیف جنرل منیجر اڈمنسٹریشن نے صدرنشین اقلیتی کمیشن محمد قمر الدین کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اطلاع دی۔ صدر نشین کمیشن نے تلنگانہ کے چیف سکریٹری کے ذریعہ تمام سرکاری اداروں کو مکتوب روانہ کیا تھا جس میں تقررات کے موقع پر 4 فیصد تحفظات پر عمل آوری کی ہدایت دی گئی تھی۔ چیف جنرل منیجر نے اپنے مکتوب میں کہا کہ اے پی جینکو میں ڈئرکٹ ریکروٹمنٹ کے موقع پر 4 فیصد تحفظات پر عمل کیا گیا ہے۔ انہوں نے جینکو کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن اور جائیدادوں کی تعداد بیان کی جن پر بی سی ای زمرہ کے تحت 4فیصد تحفظات پر عمل کیاگیا۔ الیکٹریکل، میکانیکل، الیکٹرانکس اور سیول میں اسسٹنٹ انجینئرس کی جملہ 33 جائیدادوں پر تقررات کئے گئے۔ اس کے علاوہ کیمسٹ کی 2 جائیدادوں کو بی سی ای زمرہ میں پُر کیا گیا۔ الیکٹریکل اور سیول میں 4 جائیدادیں پُر نہیں ہوسکیں کیونکہ امیدوار دستاویزات کی جانچ کے موقع پر شریک نہیں ہوئے۔ اسی دوران صدر نشین اقلیتی کمیشن محمد قمر الدین نے کلکٹر حیدرآباد کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ماسٹر سید اسلم کے افراد خاندان کو ایکس گریشیا اور ڈبل بیڈ روم مکان الاٹ کرنے کی خواہش کی۔ ماسٹر اسلم کا 11 جولائی کو لنگر حوض کے علاقہ میں قتل کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ قتل کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیئے۔ صدرنشین نے کلکٹر حیدرآباد کی توجہ اس جانب مبذول کرائی کہ اسلم کے والدین انتہائی غریب گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں اور انہیں فوری مدد کی ضرورت ہے۔ صدرنشین نے بتایا کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کے رجسٹرار کل 28جولائی کو کمیشن کے روبرو حاضر ہوں گے اور یونیورسٹی میں اردو کورسیس کے آغاز کے سلسلہ میں اپنے موقف کی وضاحت کریں گے۔ کمیشن نے اردو میں انڈر گریجویٹ کورسیس ختم کرنے کے مسئلہ پر رجسٹرار کو وضاحت کیلئے طلب کیا ہے۔