جیل کے احاطہ میں عدالتوں کا قیام، چنچل گوڑہ جیل سے 11 قیدی رہا

حیدرآباد ۔ 19 ۔ مئی : ( راست ) : جناب خواجہ معین الدین قائم مقام صدر ایم پی جے تلنگانہ نے ایک صحافتی بیان میں کہا کہ آج کل ریاست کی تمام جیلوں میں ہر ماہ ایک دفعہ حکومت کی جانب سے عدالتیں منعقد کی جارہی ہیں ۔ جہاں چھوٹے چھوٹے جرائم کے مقدمات اور فیصلے اب جیل کے احاطہ ہی میں طئے پا رہے ہیں ۔ بالفاظ دیگر معمولی جرائم میں ملوث قیدیوں کو کیس کی سماعت کے لیے جیل سے باہر عدالتوں میں نہیں لے جایا جاتا ۔ قابل ستائش ہیں جیل کے حکام جو ایسی عدالتوں کے فیصلوں کے بعد جیل کی سزا بھگتنے والے بے قصور ، بے گناہ قیدیوں کے بارے میں جن کا سلوک جیل میں شریفانہ ہوتا ہے ۔ ایم پی جے کو مطلع کرتے رہتے ہیں ۔ ایم پی جے کے ذمہ داران جیل حکام کی جانب سے سفارش کردہ ان تمام غریب و نادار مسلم قیدیوں کی قانونی و مالی مدد کر کے انہیں باقی قید سے رہائی دلاتا ہے ۔ چنانچہ انہیں بنیادوں پر ایم پی جے کی جانب سے آج چنچل گوڑہ جیل سے کل 11 قیدیوں کی رہائی عمل میں آئی ۔۔