جیل میں قید کے باوجود لالو پرساد کے ٹیلیفونی رابطے

نتیش کمار کا الزام ، تیج پرتاب یادو کی تردید

پٹنہ۔ 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار نے منگل کو اپنے قریبی حریف اور آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو پر جیل میں سزائے قید بھگتنے سے متعلق قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے ساتھیوں سے ٹیلیفون پر ربط میں رہنے کا الزام عائد کیا۔ جی ڈی یو کے سربراہ نتیش کمار کے اس الزام کی لالو پرساد یادو کے بیٹے تیج پرتاپ یادو نے تردید کی ہے اور کہا کہ حتی کہ وہ خود بھی زائد از ایک ماہ سے اپنے والد سے بات چیت نہیں کرسکیں ہیں۔ نتیش کمار نے ایک خانگی ٹیلی ویژن چیانل کو دیئے گئے انٹرویو میں جس کا اواخر ہفتہ ٹیلی کاسٹ ہوگا، لیکن چند اقتباسات بعض چیانلوں کی جانب سے ٹیلی کاسٹ کئے گئے ہیں۔ حکمت عملی بنانے کے ماہر پرشانت کشور کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی بھی کشور کو نظرانداز یا درکنار نہیں کیا ہے۔ نتیش کمار نے بی جے پی کے ترجمان سید شاہنواز حسین کے ایک بیان پر بھی ناخوشی کا اظہار کیا جنہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ جے ڈی یو نے انہیں بھاگلپور سے ٹکٹ حاصل کرنے سے محروم رکھا تھا جہاں سے 2014ء میں انہیں شکست ہوئی لیکن وہ اس حلقہ کی نمائندگی کرچکے تھے۔