جیل میں قید پیرو کے سابق صدر کی مابقی سزاء معاف

لیما۔ 25 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پیرو کے سابق صدر البرٹو فوجیموری جو اس وقت بدعنوانیوں اور اپنے اختیارات کا بیجا استعمال کرنے کی پاداش میں 25 سال کی سزائے قید کاٹ رہے ہیں، انہیں ملک کے موجودہ صدر نے انسانی بنیادوں پر معافی دیدی ہے۔ صدر کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ جمہوریہ پیرو کے صدر نے سابق صدر البرٹو فوجیموری کو انسانی بنیادوں پر معافی دینے کا فیصلہ کیا ہے جو ان کے علاوہ دیگر سات ملزمین پر بھی عائد ہوگا۔ یاد رہیکہ 79 سالہ البرٹو کو کل خون کے دباؤ میں کمی اور اختلاج قلب کی وجہ سے جیل کی کوٹھری سے ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا۔ اسی دوران ڈاکٹرس نے بتایا کہ انتہائی نگہداشت والے کمرے میں سابق صدر کی مزاج میں بہتری واقع ہورہی ہے۔ دریں اثناء ان کا علاج کرنے والے ڈاکٹر الیگزنڈرو اگیناگا نے بتایا کہ جب تک ان کی حالت مستحکم نہیں ہوجاتی انہیں ہاسپٹل میں ہی رکھا جائے گا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہیکہ مسٹر البرٹو 1990ء تا 2000ء پیرو کے صدر تھے، تاہم 2005ء سے وہ جیل میں ہیں جبکہ یہ قیاس آرائیاں بھی کی جارہی تھیں کہ کرسمس کے موقع پر ان کی مابقی سزاء معاف کردی جائے گی اور وہ ایک بار پھر آزاد ہوجائیں گے۔