جیل میں دہشت گرد ’’چکن بریانی‘‘ کھاتے رہے

شیوراج سنگھ چوہان کا ریمارک، فاسٹ ٹریک عدالتوں کی وکالت
بھوپال۔02 نومبر (سیاست ڈاٹ کام)دہشت گردی مقدمات کی یکسوئی کے لئے فاسٹ ٹریک عدالتوں کی تائید کرتے ہوئے چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ سیمی کے 8 کارکن جنہیں مبینہ طور پر انکائونٹر میں ہلاک کردیا گیا، سزاء سنائے جانے سے قبل جیل میں کئی سال تک ’’چکن بریانی‘‘ کھاتے رہے۔ انہوں نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سزاء سنانے کے لئے کئی سال لگ گئے۔ تب تک وہ چکن بریانی (جیل میں) کھاتے رہے۔ وہ فرار ہونے کے بعد مزید جرائم اور حملوں میں ملوث ہوگئے۔ اگر ہمارے پاس کرپشن کے مقدمات کے لئے فاسٹ ٹریک عدالتیں ہوسکتی ہیں تو دہشت گردوں کو سزاء سنانے کے لئے فاسٹ ٹریک عدالتیں کیوں نہیں ہوسکتیں؟ چوہان نے آج سنٹرل جیل کا معائنہ کیا جہاں سے 8 سیمی کارکن ایک کانسٹیبل کو ہلاک کرنے کے بعد فرار ہوئے تھے۔ بعدازاں پولیس نے ان تمام کو گولی ماردی تھی۔ اپوزیشن اور مہلوکین کے ارکان خاندان نے پولیس کے موقف کے بارے میں سوالات اٹھائے ہیں۔ چیف منسٹر کو سکیوریٹی انتظامات کے بارے میں واقف کرایا گیا۔ انہوں نے حکام کو مزید سخت انتظامات کی ہدایت دی۔
یو پی میں فرقہ وارانہ جھڑپ، 18 افراد زخمی
پرتاپ گڑھ۔02 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے فتن پور علاقہ کے ویرپورا بازار میں فرقہ وارانہ جھڑپوں کے نتیجہ میں 18 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ کل رات دو مختلف فرقوں سے تعلق رکھنے والوں نے ان کے بچوں کے درمیان تنازعہ کے سبب جھڑپ ہوگئی۔ دونوں گروپس نے ایک دوسرے پر سنگ باری کی اور جھونپڑیاں جلانے کی کوشش کی۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس ایس پی ورما نے بتایا کہ جھڑپوں میں 18 افراد زخمی ہوئے۔ پولیس معاملہ کی تحقیقات کررہی ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کے لئے اضافی فورس تعینات کی گئی ہے۔