جیل میں تیار شدہ مصنوعات کی فروخت کا منصوبہ

چنچل گوڑہ جیل کے قریب شوروم کھولنے کا اعلان : وی کے سنگھ

حیدرآباد ۔ /8 جولائی (سیاست نیوز) ڈائرکٹر جنرل جیلس تلنگانہ مسٹر وی کے سنگھ نے آج بتایا کہ وہ محکمہ جیل میں تیار کردہ مصنوعات کی فروخت کیلئے بڑے پیمانے پر شورومس کھولے جائیں گے اور اس محکمہ کو آمدنی کرنے کا ذریعہ بنایا جائے گا ۔ اس سلسلے میں تفصیلات کا انکشاف کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے بتایا کہ عنقریب چنچل گوڑہ جیل کے متصل اراضی پر ’’مائی نیشن ‘‘ برانڈ پر مشتمل ایک شوروم کھولا جائے گا جس میں تلنگانہ کے مختلف جیلوں میں تیار کردہ اشیاء کو فروخت کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ کل ہند صنعتی نمائش میں محکمہ جیل کو اپنے آوٹ لیٹ کے ذریعہ 45 لاکھ روپئے کی آمدنی ہوئی تھی لیکن عام دنوں میں اس محکمہ کو آمدنی حاصل نہیں ہورہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جیل میں تیار کردہ اشیاء نمایاں کوالیٹی کے ہیں اور انہیں بہتر انداز میں فروخت کئے جانے پر محکمہ جیل کو کافی آمدنی حاصل ہوسکتی ہے ۔ مسٹر سنگھ نے بتایا کہ جیل میں تیار کردہ تمام اشیاء کو ایک برانڈ ’’مائی نیشن‘‘ نام دیا گیا ہے اور اس برانڈ کے ذریعہ اشیاء کی فروخت ہوگی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہر ضلع کی جیل کے قریب ’’ مائی نیشن‘‘ آؤٹ لیٹ قائم کیا جائے گا تاکہ عوام کو آسانی ہوسکے ۔ ڈائرکٹر جنرل نے مزید تفصیلات کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ قیدیوں کی تعلیم کیلئے خصوصی منصوبہ بنایا گیا ہے اور اس منصوبے کے تحت قیدیوں کو بہتر تعلیم دی جائے گی ۔ جیل میں محروس قیدیوں کو اصلاح و عمل کیلئے محکمہ خصوصی توجہ مرکوز کرے گا تاکہ ان میں تبدیلی آسکے ۔ انہوں نے یہ بتایا کہ تلنگانہ محکمہ جیل کو نمایاں بنانے کیلئے ایک خصوصی منصوبہ بنایا گیا ہے جس کے تحت دو ٹیمیں پہلے سے ہی مہاراشٹرا ممبئی کی ایرواڑہ جیل اور دہلی کی تہاڑ جیل پہونچ چکی ہے تاکہ وہاں سے کارکردگی سے متعلق تفصیلات حاصل کرتے ہوئے تلنگانہ کی جیلوں کو نمایاں بنایا جاسکے ۔ انہوں نے بتایا کہ اندرون 6 تا 9 ماہ ’’ مائی نیشن ‘‘ شورومس قائم کئے جائیں گے ۔ تلنگانہ کی جیلوں میں گانجہ کی اسمگلنگ اور موبائیل فون کے استعمال کی روک تھام کیلئے داخلی ویجیلینس یونٹ قائم کیا جارہا ہے اور اس یونٹ میں دیانتدار عہدیدار کو شامل کیا جائے گا تاکہ مذکورہ شکایتوں سے نمٹا جاسکے ۔