جیلوں میں سی سی ٹی وی کیمرے

عادی مجرمین اور بدعنوان عہدیداروں پر نظر رکھی جائے گی
حیدرآباد 22 جنوری (سیاست نیوز) جیلوں میں اصلاحات کی وجہ سے خوشگوار نتائج برآمد ہوئے ہیں لیکن عادی مجرمین جیلوں کے اندر بھی بُری عادتوں سے باز نہیں آتے۔ عادی مجرمین جیلوں کے اندر بھی ٹولہ بناتے ہیں اور مستقبل کے ناپاک منصوبہ بناتے ہیں۔ اب یہ ساری باتیں قصہ پارینہ بن جائیں گی کیوں کہ تلنگانہ کا محکمہ محابس جلد ہی ریاست کے تمام جیلوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگادے گا۔ حکومت نے اس کام کے لئے دس کروڑ روپئے جاری کردیئے ہیں۔ ڈائرکٹر جنرل محابس وی کے سنگھ نے یہ بات بتائی۔ انھوں نے کہاکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے لئے جلد ہی ٹنڈرس جاری کئے جائیں گے۔ تین سنٹرل جیل چنچل گوڑہ، چیرلہ پلی اور ورنگل میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے۔ بعد میں اس اسکیم کو ڈسٹرکٹ جیلس اور سب جیلس تک وسعت دی جائے گی۔ جیلوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب سے نہ صرف قیدیوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھی جائے گی بلکہ جیل اسٹاف کے کرپشن کو روکنے میں بھی مدد ملے گی۔ ایسی شکایات ہیں کہ جیل اسٹاف رشوت لیتے ہوئے قیدیوں کو غیر مجاز طور پر سہولتیں فراہم کرتے ہیں اور ممنوعہ اشیاء حاصل کرنے کا موقع دیتے ہیں۔