وزیر داخلہ نرسمہا ریڈی کا چرلہ پلی جیل کا دورہ
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : حکومت ریاست تلنگانہ جیلوں میں سزا پانے والے اچھے کردار و اخلاق کے حامل عام معافی کے اہل قیدیوں کو رہا کرنے کے اقدامات کرے گی اور قیدیوں کی عام معافی کے مسئلہ پر چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے بات چیت کے بعد رہنمایانہ خطوط مرتب کئے جائیں گے ۔ وزیر داخلہ حکومت تلنگانہ مسٹر این نرسمہا ریڈی نے اس بات کا انکشاف کیا اور بتایا کہ قیدیوں کو فراہم کی جانے والی غذا ، سہولتوں وغیرہ کا جائزہ لیا جائے گا اور جیلوں میں مزید اصلاحات لانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ مسٹر این نرسمہا ریڈی جنہوں نے آج اچانک چرلہ پلی جیل کا معائنہ کیا تھا ۔ جیل کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور کہا کہ قیدیوں کے کردار واخلاق کے مطابق ہی اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اکثریت قیدیوں کی جذبات میں آکر جرائم کرنے پر مجبور ہوئی ہے ۔ لہذا جیلوں میں قیدیوں کے طرز عمل میں تبدیل لانے اور روزگار فراہم کرنے کے مقصد سے اعلیٰ تعلیم ، پیشہ ورانہ تعلیمی کورسیس کی سہولتیں مہیا کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی سخت موقف رکھنے والے افراد کو بھی ایک اچھا انسان بنانے کے لیے محکمہ محابس مختلف پروگراموں کے ذریعہ موثر اقدامات کررہا ہے ۔۔