نئی دہلی ۔ 6 جولائی۔(سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی ایک عدالت نے دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے تین مشتبہ ارکان کی عدالتی تحویل میں 25 جولائی تک توسیع کردی ہے ۔ انھیں قومی دارالحکومت میں حملے کی مبینہ منصوبہ بندی کے سلسلے میں گرفتار کیا گیاہے۔ ایڈیشنل سیشن جج ریتیش سنگھ نے استغاثہ کی عرضی قبول کرلی اور ملزم اشخاص محمد ساجد ، شاکر اور سمیر کو مزید مدت کیلئے جیل بھیج دیا، جس کے بعد انھیں دوبارہ عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا ۔ عدالت نے قبل ازیں ان ملزمین کو استغاثہ کی درخواست پر پولیس ریمانڈ میں دیا تھا کیونکہ یہ استدعا کی گئی تھی کہ جیش کے دہلی یونٹ کا پتہ چلانے کیلئے ان ملزمین کو تحویل میں لے کر تفتیش کرنے کی ضرورت ہے ۔ دہلی پولیس نے لگ بھگ دس افراد کو دہشت گرد تنظیم کے ساتھ روابط کے شبہ میں حراست میں لیا تھا اور مبینہ طورپر اُن کے قبضہ سے دھماکو مادے برآمد کئے گئے تھے ۔ یہ کارروائی قومی دارالحکومت اور پڑوسی ریاستوں میں رات کے اوقات میں سلسلہ وار دھاؤوں کا نتیجہ ہوئی ۔ تاہم ان لوگوں کو بعد میں پوچھ تاچھ کے بعد چھوڑ دیا گیا۔