جہیز کی شادیوں کے بائیکاٹ کرنے علماء کا فیصلہ

بہار شریف (بہار) ۔ 15 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بہار، جھارکھنڈ اور اڈیشہ میں جہیز کے خواہشمند افراد اور نشے کی عادت میں ملوث افراد کیلئے اب شادیاں کرنا مشکل ہوجائے گا کیونکہ یہاں علماء نے فیصلہ کیا ہے کہ اس طرح کے افراد کی شادیوں کا بائیکاٹ کیا جائے گا ۔ یہ فیصلہ یہاں قاضی مولانا منصور عالم کی جانب سے طلب کئے جانے والے ایک اجلاس میں کیا گیا ہے کیونکہ مولانا منصور عالم عمارت شرعیہ کے ضلعی یونٹ دارالقضاء کے صدر ہیں جو کہ بہار ، جھارکھنڈ اور اڈیشہ میں مذہبی امور کی نگرانی کرتا ہے۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی سے اظہار خیال اور بائیکاٹ کے فیصلہ کے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مذکورہ بالا فیصلہ دراصل اسلام میں جن امور سے منع کیا گیا ہے ان لعنتوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت اقدامات کرنا مقصد ہے جو کہ نشے کی لعنت اور جہیز جیسی بری خواہش رکھتے ہیں۔ علماء نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ نلندہ ضلع میں ایک مہم کا آغاز کیا جائے گا جس کے تحت مقامی مساجد کے آئمہ کرام سے اپیل کی جائے گی کہ وہ اس مہم میں شامل ہوتے ہوئے اپنے علاقوں میں ان افراد کی شادی نہ کریں اور ان کی شادیوں کا بھی بائیکاٹ کریں جو کہ نشے اور جہیز کے خواہشمند ہیں۔ نلندہ چیف منسٹر نتیش کمار کا آبائی ضلع ہے اور یہاں اسلامی تعلیمات جس میں نشہ آوری کو حرام اور جہیز کو ناپسند کیا گیا ہے ، اس کے خلاف یہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔ مولانا عالم کے بموجب یہ بائیکاٹ اور اس پر سختی سے عمل آوری کی وجہ دراصل نوجوانوں میں نشہ کی بڑھتی عادت اور جہیز کی طلب میں اضافے کی روک تھام کیلئے کی جارہی ہے ۔ انہوں نے مسلمانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی شادیوں کو شریعت کے مطابق انجام دیں۔