جہیز نہ لینے کے عہدپر پیشہ وارانہ کورسس میں مفت داخلہ

9,807 مسلم طلبہ کواڈمیشن دلانے ’’روزمائین ‘‘کی پیشکش
پٹنہ ۔31مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے مسلم طلبہ کیلئے اچھی خبر ہے۔ جہاں پروفیشنل کورس میں داخلہ کرانے کیلئے طلبہ کو ایک موٹی رقم چکانی پڑتی ہے وہیں پٹنہ کی روز مائین تنظیم نے اعلان کیا ہے کہ وہ مسلم اور غریب طلبہ کو تکنیکی اداروں میں مفت داخلہ کرائیگی۔روز مائین تنظیم ایک غیر سرکاری تنظیم ہے۔ اس کے مطابق انجینئرنگ، پیرا میڈیکل اور مینجمنٹ کے کورسز میں اس سال 9 ہزار 800 سات طلبہ کا مفت داخلہ کرایا جائیگا۔ روز مائین کے چیئرمین اویس عنبر نے مسلم طلبہ سے اس سلسلے میں پہل کرنے کی اپیل کی ہے۔روزمائین کے چیئرمین اویس عنبر کا کہنا ہے کہ تکنیکی کورس میں داخلہ بالکل مفت ہوگا۔ طلبہ کو صرف اپنے کھانے کا انتظام کرنا ہوگا۔ روزمائین 55 فیصدی سیٹوں پر مسلم طلبہ کا داخلہ کرے گی۔ تاہم طلبہ کو اس کیلئے یہ عہد کرنا ہوگا کی وہ اپنی شادی میں جہیز نہیں لیں گے اور برسرروزگار ہونے کے بعد دو بچوں کو اپنے خرچ پر پڑھائیں گے۔روز مائین کے مطابق وہ ریاستی حکومتوں کے ٹکنیکل کالجوں میں طلبہ کا داخلہ کرے گی۔ اس تنظیم کی کوششوں سے غریب مسلم طلبہ کیلئے پروفیشنل کورسز میں داخلہ لینے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔