جہیز ، فضول خرچی کے خلاف سیاست کی تحریک کے مثبت نتائج

شادی بیاہ کی تقاریب میں اسراف و رسومات کے جلد خاتمہ کا یقین ، مولا علی میں دوبدو پروگرام، جناب زاہد علی خان کا خطاب

حیدرآباد ۔23 ؍ فبروری (دکن نیوز) جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے آج اس عزم کا اظہار کیاکہ سال 2020 ء تک شہر حیدرآباد میں شادیوں میں ہو رہے اسراف و بیجا رسومات کا مکمل طور پر خاتمہ ہوجائیگا ۔ جہیز کی مانگ اور شادیوں کی تقاریب میں فضول خرچی اور بیجا رسومات کے خلاف ادارہ سیاست و میناریٹی ڈیولپمنٹ فورم نے جو تحریک کا آغاز کیا ہے اس کے انتہائی مثبت اور سودمند نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ شادی کے روز لڑکی والوں کی جانب سے کھانے کے اہتمام سے گریز کی مہم کے مسلم معاشرہ میں انتہائی حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہو رہے ہیں ۔ جناب زاہد علی خاں نے آج بھارت فنکشن ہال مولا علی میں 28 ویں دوبدو ملاقات پروگرام سے مخاطب کر رہے تھے ‘ جس کا اہتمام سیاست و ایم ڈی ایف اور الفلاح سوشیو ایجوکیشنل سوسائٹی اور لالہ گوڑہ اولڈ بوائز اسوسی ایشن کے تعاون سے منعقد کیا گیا تھا ۔ جناب زاہد علی خاں نے انتہائی جذباتی اور گلو گیر لہجہ میں کہا کہ وہ رہیں یا نہ رہیں لیکن انہیں اُمید ہے کہ جناب ظہیرالدین علی خان اور جناب عامر علی خان اصلاح معاشرہ کی اس تحریک کو سرگرم و متحرک رکھیں گے ۔ انہوں نے مسلمانوںپر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی شادیوں میں سادگی اختیار کریں ۔ لڑکی کے والدین کو زیر بار کرنے کا رجحان ظلم کے مترادف ہے اور یہ عمل رضائے الہی کے خلاف ہے ۔

اگر دیگر تقاریب میں کھانے کا اہتمام کیا بھی جاتا ہے تو اس کو صرف ایک ڈش کی حد تک محدود رکھا جانا چاہئے ۔ جناب زاہد علی خاں نے لڑکے والوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے بہو کے انتخاب میں صورت ‘ رنگ و ظاہری حسن و جمال پر توجہ نہ دیں بلکہ اس بات کو پیش نظر رکھیں کہ لڑکی حقیقی معنی میں دیندار ہو۔ وہ اچھی سیرت و کردار کی مالک ہو اور امور خانہ داری سے اسے دلچسپی بھی ہو ۔ یہی خوبیاں ایک خوشگوار ازدواجی زندگی کی ضمانت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر مسلمانوں کو قومی اور عالمی قیادت کی ذمہ داری مستقبل میں سنبھالنا ہو تو انہیں تعلیمی اعتبار سے مضبوط اور معاشی لحاظ سے مستحکم بننا ہوگا ۔
اپنی محنت کی کمائی کو اسٹیج کی سجاوٹ ‘ گھوڑے جوڑے کی رقم ‘ اور دیگر خرافات میں ضائع کر کے معیشت کو برباد نہیں کرنا چاہئے ۔ تعلیمی و معاشی استحکام کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کو سماجی زندگی اور سیاسی میدان میں بھی موثر اور ناقابل تسخیر کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ اقوام عالم میں انہیں باوقار مقام حاصل ہو ۔ جناب زاہد علی خاں نے حالیہ عرصہ میں مسلم معاشرہ کے اندر خلع و طلاق کے واقعات کو پورے معاشرے کے لئے باعث شرم قرار دیا ۔ انہوں نے اس سلسلہ میں علماء کرام سے درخواست کی کہ وہ مسلم معاشرہ کو سدھارنے کے سلسلہ میں ہماری مدد و رہنمائی کریں ۔ انہوں نے مسلم لڑکیوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ لڑکیاں تعلیمی میدان میں سبقت حاصل کر رہی ہیں۔ مسلم لڑکوں کو بھی چاہئے کہ وہ بدلتے حالات و تقاضوں کو محسوس کریں اور خود کو نئے چیلنجز کے لئے تیار کریں۔ انہوں نے مسلم معاشرہ میں مطالبات کی تفصیلات کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے عبدالقدیر کانسٹبل کی مثال دی جو گذشتہ 22 برسوں سے جیل کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں اور جب اُن کی لڑکی کی شادی طئے ہو رہی تھی تو لڑکے والوں نے عبدالقدیر کی محرومیت کا خیال کئے بغیر اُن سے موٹر سیکل اور جہیز میں ساز و سامان کی فراہمی کا مطالبہ کیا ۔ یہ تلخ حقیقت مسلم علماء و دانشوروں کے لئے لمحہ فکر ہے ۔

جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے خیرمقدم تقریر کرتے ہوئے کہا کہ معاملات زندگی میں سلامت روی ہی حقیقت میں دینداری ہے ۔ لیکن افسوس کہ ہم معاملات زندگی میں اللہ کے احکام اور حضور اکرمؐ کی تعلیمات کو یکسر فراموش کر جاتے ہیں ۔ ہم دوسروں کی نظروں سے حالات سے نمٹنے کی کوشش کرتے ہیں اس لئے ہمارا معاشرہ تباہی و بربادی کے دہانے تک پہنچ گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دوبدو ملاقات پروگرام کی مقبولیت بڑھتی جا رہی ہے اور ریاست کے کئی اضلاع سے یہ پروگرام منعقد کرنے کی خواہش کا اظہار کیا جا رہا ہے جن میں راجمندری ‘ کڑپہ ‘ کرنول و دیگر اضلاع بھی شامل ہیں ۔ جناب عبدالحی فاؤنڈر الفلاح سوشیو ایجوکشنل سوسائٹی نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ حضور اکرمؐ نے لڑکی کے انتخاب کے لئے دیندار کو ترجیح دینے کی ہدایت کی ہے ۔ ‘ مسلمان کی زندگی کا مقصد نیکیوں کو عام کرنا اور برائیوں سے نوع انسان کو بچانا ہے ۔ چنانچہ شادی بیاہ کے معاملات میں بھی جو برائیاں عام ہوتی جا رہی ہیں اُن سے ملت اسلامیہ کو بچانا ہمارا ملی فریضہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اسلام نے حقوق العباد کو زیادہ اہمیت دی ہے ۔ جناب عثمان جوائنٹ سکریٹری الفلاح سوشیو ایجوکیشنل سوسائٹی نے جلسہ کی کارروائی چلائی ۔ اس موقع پر جناب سید تاج الدین ‘ جناب خواجہ میاں ‘ محمد جہانگیر ‘ نور پاشاہ ‘ خلیق الزماں ‘ سید زین العابدین ‘ محمد سرور ‘ اور سوسائٹی و لالہ گوڑہ اسوسی ایشن کے عہدیدار موجود تھے ۔ ابتداء میں جناب محمد خواجہ معین الدین جنرل سکریٹری ایم ڈی ایف نے ایم ڈی ایف کی کارکردگی و سرگرمیوں پر مشتمل رپورٹ پیش کی ۔ بھارت فنکشن ہال کے پارٹنرس مسرس محمد عبدالجبار ‘ سید عبدالعزیز ‘ محمد کاظم نے نہایت معقول انتظامات کئے ۔ جلسہ کا آغاز حافظ محمد نور الدین نظامی کی قرات کلام پاک سے ہوا ۔ جناب اختر رضا نے بارگاہ رسالت مآب میں نعت شریف پیش کی ۔ جناب محمد جہانگیر سکریٹری لالہ گوڑہ اولڈ بوائز اسو ایشن نے شکریہ ادا کیا ۔

دوبدو پروگرام میں جناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست ‘ جناب جیلانی پیراک ‘ جناب شیخ حسین ‘ مزمل ‘ محمد فاروق ‘ روح الامین ‘ محمد حمید‘ فیروز ‘ صالح بن عبداللہ ‘ سید اصغر حسین اور دیگر سربرآوردہ اصحاب نے شرکت کی ۔ 28 ویں دوبدو ملاقات پروگرام میں صبح کی اولین ساعتوں سے ہی رجسٹریشن کا آغاز ہوا ۔ دن بھر رجسٹریشن کا سلسلہ جاری رہا ۔ دوبدو پروگرام میں آج لڑکوں کے 50 اور لڑکیوں کے 180 نئے رجسٹریشن کروائے گئے ۔ ایم ڈی ایف کے عہدیدار ڈاکٹر ایوب حیدری ‘ ایم اے قدیر ‘ ضیاء الرشید ‘ احمد صدیق مکیش ‘ محمد نصراللہ خان پبلسٹی سکریٹری ‘ محترمہ عابدہ بیگم ‘ محترمہ ریحانہ نواز ‘ کوثر جہاں ‘ محترمہ لطیف النساء ‘ ڈاکٹر دردانہ ‘ سید ناظم الدین ‘ محمد فریدالدین ‘ نثار احمد بیگ ایڈوکیٹ ‘ محمد عبدالصمد خان کے علاوہ والینٹرس اور کونسلرس نے کونسلنگ میں حصہ لیا اور انتظامات کی نگرانی کی ۔ 28 ویں دودو ملاقات پروگرام میں آج 2000 سے زائد سرپرستوں و والدین نے شرکت کی اور اس بات کی خواہش کی کہ اس طرح کا پروگرام محلہ واری سطح پر منعقد کیا جانا چاہئے ۔ اسی دوران جناب جہانگیر جنرل سکریٹری سوسائٹی نے اعلان کیا کہ آئندہ ماہ دوبدو ملاقات پروگرام حلقہ ملک پیٹ میں منعقد کیا جائیگا ۔ سوسائٹی نے یہ بھی اعلان کیا کہ مفت خدمات کے ساتھ شادیوں کے سلسلہ میں لڑکوں و لڑکیوں کے پیامات کا رجسٹریشن دفتر الفلاح اسکول لالہ پیٹ میں روزانہ 11 بجے تا 1 بجے دن کام کریگا ۔ جناب محمد رؤف آفس انچارج ہوں گے جن سے فون نمبر 27014340 پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے ۔

جـھـلکـیـاں

٭ علاقہ سکندرآباد میں آج پہلا دوبدو ملاقات پروگرام مولا علی میں منعقد ہوا۔
٭ پروگرام میں مولا علی کے علاوہ لالہ گوڑہ، لالہ پیٹ، شانتی نگر، ملکاجگری، تارناکہ، ناچارم، چلکل گوڑہ اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں رہنے والے مسلم والدین و سرپرستوں کے علاوہ شہر کے دیگر محلہ جات سے بھی کئی لوگ شریک تھے۔ بائیکس اور کاروں کی قطار دیکھی گئی۔
٭ جناب زاہد علی خاں جیسے ہی جلسہ گاہ میں داخل ہوئے تالیوں کی گونج میں اُن کا خیرمقدم کیا گیا۔
٭ جناب زاہد علی خاں نے نہایت بھرپور عزم کے ساتھ اعلان کیاکہ 2020 ء تک حیدرآباد میں اسراف و بیجا رسومات کی شادی کا خاتمہ ہوجائے گا۔ اُنھوں نے نہایت جذبات سے مغلوب ہوکر کہاکہ وہ رہیں نہ رہیں لیکن اُن کے بھائی جناب ظہیرالدین علی خان اور فرزند جناب عامر علی خان اس مشن کو جاری رکھیں گے۔
٭ دوبدو ملاقات پروگرام کے موقع پر آج اولڈ بوائز اسوسی ایشن لالہ گوڑہ اور الفلاح سوشیو ایجوکیشن سوسائٹی کے ذمہ داروں نے اعلان کیاکہ وہ مفت خدمات کے ساتھ لالہ پیٹ میں واقع الفلاح اسکول میں مستقل رجسٹریشن دفتر قائم کریں گے جہاں والدین و سرپرستوں کو رجسٹریشن کروانے کے علاوہ پیامات ملاحظہ کرنے کی سہولت حاصل رہے گی۔
٭ جناب زاہد علی خاں نے کہاکہ کریم نگر میں 600 سے زائد مقدمات طلاق و خلع کے فائیل ہوئے ہیں جن کی کونسلنگ کی جارہی ہے۔
٭ آج کے دوبدو پروگرام میں والدین و سرپرستوں نے 15 رشتے طے کئے۔
٭ لڑکیوں کے 180 اور لڑکوں کے 50 نئے رجسٹریشن کئے گئے۔
٭ شادی کے لئے دعاؤں پر مشتمل ورقئے (پمفلٹس) سیاست کی جانب سے تقسیم کروائے گئے۔
٭ دوبدو ملاقات پروگرام کے سلسلہ میں شہر کے مختلف مقامات سے آر ٹی سی بسوں کا انتظام کیا گیا تھا۔ ایم ڈی ایف کے عہدیدار اور کارکن ابتدائی ساعتوں میں حیدرآباد سے خصوصی بسوں کے ذریعہ جلسہ گاہ پہونچے۔
٭ کڑپہ، نندیال، کاغذ نگر، راجمندری اور کرنول سے بھی رشے طے کرنے کے سلسلہ میں والدین و سرپرست جلسہ گاہ پہونچے۔