جہادی کمانڈرس کیلئے داعش کی فائیو اسٹار ہوٹل

لندن ۔ /6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) دہشت گرد گروپ داعش نے اپنے جہادی کمانڈرس کیلئے عراق کے موصل شہر میں ذاتی 5 اسٹار ہوٹل قائم کی ہے جس میں 262 کمرے ، رسٹورنٹس ، بال روم اور جم ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ہوٹل سمجھا جاتا ہے کہ نینوا انٹرنیشنل ہوٹل ہے جسے داعش نے اپنے قبضے میں کرلیا تھا اور اب اس کا نام اور برانڈ تبدیل کردیا گیا ہے ۔ داعش سے ملحق سوشیل میڈیا اکاؤنٹس پر اس ہوٹل کی تصاویر جاری کی گئی ہیں جن میں بعض ارکان کو باغبانی ، فرش صاف کرتے ہوئے اور کھڑکیوں کے شیشے کی صفائی کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے ۔ کئی منزلہ اس عمارت کے روبرو آئی ایس آئی ایس کے دو سیاہ پرچم لہرا رہے تھے ۔ رپورٹ کے مطابق اس ہوٹل میں 262 کمرے ہیں ۔ دو رسٹورنٹس ، دو بال رومس اور ایک جمنازیم کے علاوہ دیگر کئی سہولیات ہیں ۔ ٹوئٹر اکاؤنٹس پر بتایا گیا کہ یکم / مئی کی شب اس ہوٹل کا افتتاح مقرر ہے جہاں تمام مسلمانوں کیلئے مفت داخلے کی اجازت دی گئی تھی ۔ اس افتتاحی تقریب کی تصاویر بھی جاری کی گئی ہے جن میں کئی افراد کو سوئمنگ پول کے اطراف دکھایا گیا ہے اور شام میں آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا ہے ۔