نارائن پور 18فروری (سیاست ڈاٹ کام ) چھتیس گڑھ کے ضلع نارائن پور میں ایک جھڑپ کے دوران جہاں ایک جوان زخمی ہو گیا وہیں پولیس نے تین سے چار ماؤنوازوں کے مارے جانے کا دعویٰ کیا ہے ۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی)وویکانند سنہا نے بتایاکہ گذشتہ شام پولیس نے تلاشی مہم کے دوران مونگلا، مرنار، ایکمیٹا،کسکال، جڈّا کے جنگل اور پہاڑ عبور کرکے آگے بڑھ رہی تھی۔ ڈی آر جی کی ٹیم جوں ہی گاؤں دُمنار اور جڈا کے جنگل اور پہاڑ کے قریب پہنچی تو چار مختلف مقامات پر محاذ آرائی سے قبل گھات لگا کر بیٹھے نکسلیوں نے جوانوں پر حملہ کر دیا۔ماؤنوازوں کی جانب سے کئی ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ ہوئی۔ اسی درمیان ماؤنوازوں نے جوانوں پر ایچ ای بم اور دیسی بم بھی داغے ۔ اچانک ہونے والے حملے کے بعد جوانوں نے بھی گولی باری کی۔دونوں جانب سے تقریباً ایک گھنٹے تک گولی باری ہوتی رہی۔ بعد ازاں ماؤنواز بھاگ کھڑے ہوئے ۔ حادثے کے بعد موقع پرتلاشی مہم کے دوران کئی مقامات پر خون کے داغ ملے ہیں۔ آئی جی کا کہنا ہے کہ خون کے داغ کو دیکھ کر ایسا لگ رہا ہے کہ جھڑپ کے دوران چار سے پانچ ماؤنواز مارے گئے ہیں۔