جھوٹ کو بار بار دہرانے سے وہ سچ نہیں بن جاتا : پاکستانی دفتر خارجہ

اسلام آباد ۔ 19 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج وزیراعظم ہند نریندر مودی کے 2016ء میں کئے گئے سرجیکل حملوں سے متعلق ریمارکس کو بے بنیاد اور جھوٹ کا پلندہ قرار دیا جو لائن آف کنٹرول پر کئے گئے تھے اور کہا کہ جھوٹ کو بار بار دہرانے سے وہ سچ نہیں بن جاتا۔ یاد رہیکہ لندن میں ’’بھارت کی بات، سب کے ساتھ‘‘ پروگرام کے دوران مودی نے کہا تھا کہ سرجیکل حملوں سے قبل ہندوستان نے پاکستان کو مطلع کرنے کیلئے کافی انتظار کیا۔ جب پاکستان کے متعلقہ حکام سے رابطہ قائم نہیں ہوسکا اس کے بعد ہی حملوں کے بارے میں میڈیا اور عوام کو بتایا گیا۔ مودی نے کہا تھا کہ ہندوستانی عوام کو معلوم ہونے سے قبل ہمیں پاکستان کو سرجیکل حملوں سے متعلق اطلاع دینی چاہئے لیکن ایسا لگتا تھا کہ پاکستانی حکام فون اٹھانے سے خوفزدہ تھے۔ 11 بجے دن سے فون کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا لیکن کسی نے نہیں اٹھایا۔ 12 بجے دوپہر فون اٹھایا گیا تھا اور ہم نے پاکستان کو مطلع کرنے کے بعد ہندوستانی میڈیا اور عوام میں یہ خبر عام کی تھی۔ مودی کے ریمارکس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پاکستان کے دفترخارجہ کے ترجمان محمد فیصل نے کہا کہ مودی جی اگر بار بار جھوٹ بولیں گے تو وہ سچ نہیں ہوجائے گا۔