جھانسی کے شامنامہ میں قابل اعتراض تصویر پر احتجاج

اقلیتی افراد کی نمائندگی پر مالک اور دو ایڈیٹرس گرفتار
جھانسی۔ 22 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اُترپردیش کے شہر جھانسی کے ایک اخبار میں قابل اعتراض تصویر کی اشاعت کے بعد کشیدگی پیدا ہوگئی اور پولیس نے 3 افراد کو حراست میں لے لیا۔ اسپیشل سپرنٹنڈنٹ پولیس کرن ایس نے کہا کہ مقامی شامنامہ نے 20 جولائی کے شمارہ میں ایک تصویر شائع کی تھی جس کو اقلیتی طبقہ کے افراد نے قابل اعتراض قرار دیتے ہوئے احتجاج کیا تھا۔ انہوں نے گزشتہ شام کوتوالی پولیس اسٹیشن کے روبرو جمع ہوکر اخبار کے ایڈیٹر اور ناشر کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے قانونی کارروائی پر زور دیا۔ ایک مقامی شخص محمد ہاشم اور ان کے ساتھیوں نے اس اخبار کے دو ایڈیٹرس، مالک، ناشر اور دیگر تین افراد کے خلاف شکایت کی تھی۔ پولیس نے مالک اور دو ایڈیٹرس کو حراست میں لے لیا۔ ایس ایس پی نے کہا کہ اب صورتحال قابو میں ہے۔