جھارکھنڈ کی 20 اسمبلی نشستوں کیلئے آج رائے دہی

رانچی۔ یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جھارکھنڈ میں کل 20 انتخابی حلقوں کے لئے رائے دہی منعقد ہوگی جو 7 ماؤسٹ زیراثر قبائیلی اضلاع میں پھیلے ہوئے ہیں۔ ریاست کی 81 رکنی اسمبلی کیلئے پانچ مرحلوں پر مشتمل انتخابات ہورہے ہیں۔ کل کی رائے دہی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ہے۔ تمام 20 انتخابی حلقوں میں کافی تعداد فوج تعینات کردی گئی ہے۔ قبائلیوں کیلئے 16 نشستیں محفوظ ہیں۔ ارکان عملہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ کارروائی کے معیاری طریقوں کی پابندی کی جائے۔ جملہ اہل رائے دہندوں کی تعداد 44,31,900 بشمول 21,72,982 خواتین ہیں۔ 5,048 مراکز رائے دہی سات اضلاع میں قائم کئے گئے ہیں۔ امیدواروں کی تعداد 223 بشمول 35 خواتین ہے۔ سابق چیف منسٹر ارجن منڈا اور مدھو کوڈا بھی امیدواروں میں شامل ہیں۔ 20 نشستوں پر دوسرے مرحلے میں رائے دہی ہوگی۔ فی الحال 8 بی جے پی، 5 جے ایم ایم، 2 کانگریس اور باقی آزاد ارکان اسمبلی ہیں، جبکہ اعظم ترین 15 امیدوار جمشیدپور غربی حلقہ سے اور اقل ترین 8 امیدوار خرسوان، مجگاؤں، تورپا اور جگن ناتھ پور حلقہ سے ہیں۔ بی جے پی، کانگریس اور جے وی ایم نے فی کس 4 خاتون امیدوار مقابلہ میں کھڑے کئے ہیں۔ جے ایم ایم اور کانگریس تمام 20 حلقوں میں ایک دوسرے کے مقابل ہیں۔ پہلے مرحلے میں 25 نومبر کو 13 اسمبلی حلقوں کیلئے 62 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔